حیدرآباد۔ یکم؍ مارچ (سیاست نیوز) ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں عوامی احتجاج کے پیش نظر حیدرآباد میں واقع امریکی کونسلیٹ کی سیکوریٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ نانک رام گوڑہ میں واقع امریکی کونسلیٹ کے روبرو سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ گچی باؤلی پولیس میں کونسلیٹ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں اضافی فورس تعینات کرتے ہوئے کونسلیٹ کے روبرو بیری کیٹس نصب کئے گئے۔ امریکہ اور اسرائیل کے حملے میں ایران کے رہنما آیت اللہ خامنہ ای کی ہلاکت کے خلاف حیدرآباد میں احتجاجی ریالیاں منظم کی گئیں۔ احتجاج کے پیش نظر پولیس نے چوکسی اختیار کی ہے۔ گچی باؤلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں تقریباً 50 سے زائد پولیس ملازمین کو کونسلیٹ کے روبرو تعینات کیا گیا۔ کونسلیٹ جانے والے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے تلاشی لی جارہی ہے۔ گاڑیوں کی تلاشی کے بعد ہی جانے کی اجازت ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس اور انٹلی جنس کو اس بات کا اندیشہ ہے کہ کونسلیٹ کے روبرو احتجاجی مظاہرے ہوسکتے ہیں۔ 1