ذخائر آب کی سطح میں تیزی سے گراوٹ ، اضلاع میں متبادل انتظامات
حیدرآباد۔2۔اپریل(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کو پینے کے پانی کے معاملہ میں بنگلورو کی طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے! بنگلورومیں پینے کے پانی کی قلت کے مسئلہ سے نمٹنے میں پیش آنے والی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد میں بھی آئندہ ماہ کے اواخرتک اسی طرح کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے جو بنگلورو میں پیدا ہوچکی ہے۔ ماہرین کے مطابق تلنگانہ کے ذخائر آب میں موجود پانی کی مقدار کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ شہر حیدرآباد کو بھی آئندہ دنوں کے دوران پینے کے پانی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست کے بیشتر تمام اضلاع میں جہاں پینے کے پانی کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے ان علاقوں میں متبادل انتظامات کے ذریعہ پانی کی قلت کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن محکمہ آبپاشی کے عہدیدارو ںکے مطابق ریاست کے اہم ذخائر آب میں جہاں سال گذشتہ پانی کی سطح آب جو ریکارڈ کی گئی تھی اس میں تیزی سے گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے بلکہ گرمی کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں کئی ذخائر آب کی سطح آب میں تیزی سے گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے جو کہ آئندہ موسم گرما کی شدت میں مشکل صورتحال کا سبب بن سکتا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ سنگور پراجکٹ میں سال گذشتہ جہاں 20ٹی ایم سی پانی موجود تھا اس میں آج 18 ٹی ایم سی پانی موجود ہے جبکہ اگر اس پراجکٹ کی مکمل سطح آب کا جائزہ لیا جائے تو یہ 29 ٹی ایم سی ہے ۔ ناگرجنا ساگر کی سطح آب میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور سال گذشتہ ما ہ اپریل کے دوران ناگرجنا ساگر کی سطح آب 166 ٹی ایم سی ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ جاریہ سال یہ 137 ٹی ایم سی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ ناگرجنا ساگر کی مکمل سطح آب 312 ٹی ایم سی ہے ۔ یلم پلی پراجکٹ کی صورتحال بھی اسی طرح کی ہے اور اس پراجکٹ میں بھی موجود پانی کی سطح میں مسلسل گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ سال گذشتہ اسی دن یلم پلی پراجکٹ میں 12 ٹی ایم سی پانی موجود تھا لیکن آج اس پراجکٹ میں محض7.87 ٹی ایم سی پانی جمع ہے جو کہ موسم گرما کے دوران استعمال کے لئے ناکافی قرار دیا جا رہاہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہی صورتحال رہنے کی صورت میں شہر حیدرآباد بالخصوص مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں پینے کے پانی کے مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیدار جو ریاست کے مختلف ذخائر آب کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ان کا کہناہے کہ ریاست میں موجود ذخائر آب کی سطح میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کی بنیادی وجہ گذشتہ موسم باراں کے دوران ناکافی بارش ہے جبکہ محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں اور ماہرین کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد میں زیر زمین سطح آب میں بھی تیزی سے گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔3