حیدرآباد میں بھی ارکان اسمبلی کیمپ آفس کی تعمیر کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔15ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے تمام حلقہ جات اسمبلی میں جس طرح ارکان اسمبلی کے لئے کیمپ آفس تعمیر کئے گئے ہیں اسی طرز پر شہر حیدرآباد کے تمام 15 حلقہ جات اسمبلی میں ارکان اسمبلی کے کیمپ آفس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ ابتداء میں ریاستی حکومت کی جانب سے تمام اضلاع کے حلقہ جات اسمبلی میں ارکان اسمبلی کے لئے کیمپ آفس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا تھا اور شہر حیدرآباد میں اسمبلی اور کونسل کے علاوہ شہر کے ارکان اسمبلی کے مکانات شہر میں ہونے کے سبب شہر حیدرآباد میں ارکان اسمبلی کے لئے کیمپ آفس کی تعمیر نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب شہر حیدرآباد کے تمام 15حلقہ جات اسمبلی میں بھی ریاستی حکومت کی جانب سے 15کروڑ کی لاگت سے ارکان اسمبلی کے کیمپ آفس کی تعمیر کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ریاستی وزیر امور مقننہ و عمارات و شوارع کے مطابق شہر حیدرآباد کے ہر اسمبلی حلقہ میں 1کروڑ کی لاگت سے کیمپ آفس کی تعمیر کو منظوری دی جاچکی ہے۔ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد کے ارکان اسمبلی کے کیمپ آفس کی تعمیر کیلئے ان کے اپنے حلقہ میں سرکاری اراضیات کی نشاندہی کا عمل مکمل کرنے کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے تعمیراتی کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔م