بارش کے پانی کی نکاسی شہر کا اہم مسئلہ ، کونسل میں کے ٹی راما راؤ کا بیان
حیدرآباد۔یکم ۔اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حیدرآباد میں بارش کے پانی کی نکاسی ، سڑکوں کی ترقی اور ٹریفک مسائل کم کرنے کیلئے لنک روڈس کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ تین مختلف پراجکٹس کے ذریعہ حیدرآباد کی ترقی میں اضافہ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پراجکٹ کے تحت شہر میں فلائی اوورس ، انڈر پاس ، لنک روڈس اور سڑکوںکی تعمیر کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن قائم کیا گیا ہے جس کے تحت مختلف علاقوں میں ٹریفک مسائل حل کرنے کیلئے لنک روڈس کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ 132 لنک روڈس کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے 25 کی تکمیل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بیرونی سیاحوں کی آمد پر سڑکوں اور صحت و صفائی کے انتظامات پر نظریں ہوتی ہیں۔ حکومت نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے تحت کامپریہینسیو روڈ مینٹننس پراجکٹ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت 1800 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ اس پراجکٹ کے تحت کنٹراکٹر کو سڑک کی تعمیر کے علاوہ پانچ برسوں تک مینٹننس کی ذمہ داری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کنٹراکٹرس کے بلز کے بقایہ جات اپریل تک جاری کردیئے گئے ہیں۔ کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے سبب باقی بلز کی اجرائی میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹراکٹرس کے لئے چند ماہ کے بقایہ جات کوئی مسئلہ نہیں بن سکتے۔ کے ٹی آر نے بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے انفراسٹرکچر سہولتوں میں کمی کا اعتراف کیا اور کہا کہ حیدرآباد میں صرف دو سینٹی میٹر بارش تک صورتحال کو نمٹنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ کیلئے بھاری فنڈس کی ضرورت پڑے گی ۔ انہوں نے نیویارک شہر کا حوالہ دیا جہاں حالیہ بارش کے باعث پانی عمارتوں میں داخل ہوچکا تھا۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ پانی کی نکاسی کے لئے نالوں کی صفائی اور توسیع کا کام نالہ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے۔ کے ٹی آر نے بتایا کہ حیدرآباد شہر کو عالمی معیاری کے شہر کے طور پر ترقی دینے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے جائیں گے ۔ ر