حیدرآباد ۔29۔نومبر (سیاست نیوز) ملک میں ہوٹل انڈسٹری کے نامور گروپ لیلا Leela نے حیدرآباد کے ترقی یافتہ علاقہ بنجارہ ہلز میں لیلا حیدرآباد کا آغاز کیا ہے۔ حیدرآباد اپنی تہذیب اور ثقافت کے علاوہ ٹکنالوجی اور بزنس کے شعبہ جات میں دنیا بھر میں اپنی علحدہ شناخت رکھتا ہے ۔ لیلا گروپ نے تاریخی حیدرآباد شہر میں اپنے کاروبار کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لیلا ہوٹل کے تحت 156 رومس اور سوٹس ماڈرن لکژری سہولتوں کے ساتھ دستیاب ہے جو حیدرآبادی تہذیب کی عکاسی کرتے ہیں۔ رومس اور سوٹس کے اندرون حصہ میں حیدرآبادی تہذیب اور ثقافت عین مطابق نقاشی اور خوبصورتی کے اقدامات کئے گئے ۔ 2.5 ایکر اراضی پر قائم کی گئی یہ ہوٹل سیاحوں ، صنعت کاروں اور حیدرآباد کا مشاہدہ کرنے والے افراد کیلئے توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔ مینجنگ ڈائرکٹر پائنیئر ہالی ڈے اینڈ ریسارٹس لمٹیڈ دیپتی ریڈی کے مطابق بنجارہ ہلز کے علاقہ میں لیلا حیدرآباد دوسروں کے مقابلہ اپنی خدمات میں انفرادیت رکھتی ہے۔ حیدرآبادی تہذیب و ثقافت کا مکمل لحاظ کرتے ہوئے گاہکوں کے لئے سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ نوابوں کے شہر حیدرآباد میں حیدرآبادی تہذیب کے پرستاروں کیلئے لیلا حیدرآباد ایک اضافہ رہے گا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر لیلا انوراگ بھٹناگر نے کہا کہ گروپ نے حیدرآباد میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے اور انہیں امید ہے کہ انفارمیشن ٹکنالوجی اور دیگر شعبہ میں ترقی کا یہ شہر حوصلہ افزائی کرے گا ۔ حیدرآباد پہنچنے والے سیاح اور تاجر لیلا حیدرآباد کی لکژری ہاسپٹالیٹی سے لطف اندوز ہوپائیں گے۔ ہوٹل میں کسٹمرس کے لئے عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جس میں ویلنیس سنٹر ، فٹنیس سہولتیں شامل ہیں۔ کارپوریٹ سیکٹر کے پروگراموں اور سماجی تقاریب کے لئے 930 مربع میٹر پر محیط خصوصی اسپیس فراہم کی گئی ہے۔ حیدرآباد میں 1500 سے زائد انفارمیشن ٹکنالوجی اور آئی ٹی سے مربوط ادارے قائم ہیں اور 4300 سے زائد ٹکنالوجی اسٹارٹ اپ نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے۔ لیلا حیدرآباد کے ذمہ داروں کو امید ہے کہ حیدرآباد میں ان کا یہ کامیاب وینچر رہے گا۔ 1