ٹیکس دہندگان کی سہولت اہم مقصد، ارلی برڈ اسکیم جاری رکھنے پر از سر نو غور
حیدرآباد۔یکم؍ اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن پراپرٹی ٹیکس وصولی کے طریقہ کار میں تبدیلی پر غور کررہا ہے جس کے تحت سالانہ ٹیکس کے بجائے ماہانہ اساس پر پراپرٹی ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی میں آسانی پیدا کرنے کیلئے یہ تجویز زیر غور ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے مطابق ماہانہ وصولی کا نظام متعارف کیا جائے گا جس سے شہریوں کو ماہانہ ٹیکس کی ادائیگی میں سہولت ہوگی۔ سالانہ پراپرٹی ٹیکس کو 12 مساوی اقساط میں تقسیم کیا جائے گا۔ اس تجویز سے ٹیکس دہندگان پر بوجھ میں کمی آئے گی۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کیلئے عوام کو راغب کرنے کے مقصد سے ’’ ارلی برڈ اسکیم‘‘ متعارف کی گئی جس کے تحت یکمشت ادائیگی پر ٹیکس میں 5 فیصد کی رعایت دی جاتی ہے۔ مذکورہ اسکیم کو جاری رکھنے کے بارے میں از سر نو غور کیا جارہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جی ایچ ایم سی کے حکام تاخیر سے ادائیگی کی صورت میں جرمانہ کی رقم کا تعین کررہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے آئی ٹی ونگ کی جانب سے سالانہ پراپرٹی ٹیکس کے بجائے سسٹم کو ماہانہ ٹیکس میں تبدیل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ فی الوقت حیدرآباد میں جائیداد مالکین کو سالانہ یا پھر سال میں دو اقساط میں پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کی سہولت ہے۔ اپریل تا ستمبر اور اکٹوبر تا مارچ پراپرٹی ٹیکس ادا کیا جاسکتا ہے۔ گذشتہ کئی برسوں سے سال میں دو مرتبہ ٹیکس ادائیگی کا طریقہ کار جاری ہے۔ سسٹم کو ماہانہ ادائیگی میں منتقل کرنے کے بعد سال میں دو مرتبہ ادائیگی کی سہولت ختم کی جاسکتی ہے۔ حال ہی میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کی مہم چلائی تھی جس کے تحت ٹیکس کی عدم ادائیگی پر 150 سے زائد جائیدادوں کو مُہر بند کردیا گیا۔ کارپوریشن نے طویل عرصہ سے پراپرٹی ٹیکس کے بقایا جات کی عدم ادائیگی پر یہ کارروائی کی اور ان میں زیادہ تر کمرشیل اداروں کی جائیدادیں ہیں۔1