وزیر صحت ای راجندر کو یادداشت کی پیشکشی، خانگی ہاسپٹلس پر کنٹرول کی ضرورت
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی کی جانب سے وزیر صحت ای راجندر کو یادداشت پیش کی گئی جس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے جنگی خطوط پر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو کی قیادت میں ایک وفد نے آج وزیر صحت سے ملاقات کی ۔ صدر یوتھ کانگریس انیل کمار یادو کے علاوہ فیروز خاں اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے ۔ حیدرآباد میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس میں علاج کی سہولتوں کو بہتر بنانے کی اپیل کی گئی ۔ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ شرحوں پر علاج کو یقینی بنایا جائے۔ مریضوں سے 4تا 9 ہزار روپئے وصول کئے جائیں۔ ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور مریضوں کے ساتھ ان سے رابطہ میں آنے والے افراد کا بھی ٹسٹ کیا جانا چاہئے ۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ پازیٹیو کیسیس کے مریضوں کی نگرانی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے خانگی اور سرکاری ہاسپٹلس میں بستروں کی دستیابی سے متعلق تفصیلات آن لائین فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ آکسیجن اور وینٹی لیٹرس کی تفصیلات عوام کو پیش کی جائیں تاکہ مریضوں کو شریک کرنے میں سہولت ہو۔ انہوں نے ڈاکٹرس اور دیگر عملہ کو پی پی ای کٹس ، این 95 ماسک اور دیگر ضروری آلات فراہم کرنے پر زور دیا۔ کانگریس پارٹی نے حیدرآباد میں ہیلت ایمرجنسی کے اعلان اور کورونا کو آروگیہ شری اسکیم میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی۔