حیدرآباد پبلک اسکول جس نے ہر شعبہ میں لیڈرس فراہم کئے

,

   

حیدرآباد 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیہ ناڈیلا ‘ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب سید اکبر الدین ‘ چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی اور معروف کرکٹ کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے میں ایک بات یکساں ہے ۔ یہ سب حیدرآباد پبلک اسکول کی پیداوار ہیں۔ شہر کا باوقار تعلیمی ادارہ ایسا ہے جس نے طاقتور کاپوریٹس بھی دئے ہیں۔ ان میں ماسٹر کارڈ کے صدر و سی ای او اجئے بانگا ‘ فئیر فیکس فینانشیل ہولڈنگ کے سابق بانی و سی ای او پریم واتسا اور اڈوب سسٹمس کے سی ای او شانتانو نارائن بھی شامل ہیں۔ سید اکبر الدین اقوام متحدہ میںہندوستان کے مستقل مندوب ہیں اور وہ کشمیر پر ہندوستانی مہم کی اقوام متحدہ میں قیادت کر رہے ہیں۔ وہ بھی حیدرآباد پبلک اسکول کے تعلیم یافتہ ہیں۔ انہوں نے 1976 میں یہاں سے کامیابی حاصل کی تھی اور وہ 1985 بیاچ کے آئی ایف ایس ہیں۔ اس اسکول سے تعلیم پانے والوں میں کوبرا بیر کے بانی و برطانوی پارلیمنٹ کے رکن کرن بلی موریا ‘ سابق چیف منسٹر اے پی این کرن کمار ریڈی ‘ مجلس کے صدر اسد الدین اویسی ایم پی ‘ سابق کرکٹر اشوک گجپتی راجو اور تلگواداکار اکینینی ناگرجنا و رانا دگوباتی بھی شامل ہیں۔ ایچ پی ایس کی مینیجنگ کمیٹی کے رکن ایم آدتیہ ریڈی نے بتایا کہ ادارہ کو اپنے سابقہ طلبا پر فخر ہے جو کئی شعبہ جات میں قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں کامیاب نمائندگی پر سید اکبر الدین کی خاص طور پر ستائش کی ۔ یہ اسکول 1923 میں صرف چھ طلبا کے قائم کیا گیا تھا اور اس میں اب 3,000 طلبا ہیں۔ یہ ایک سوسائیٹی چلاتی ہے ۔ اس اسکول میں 1984 میں لڑکیوں کو بھی داخلہ کا آغاز کیا گیا جب چنا ریڈی ریاست کے چیف منسٹر تھے ۔ انہوں نے پرنسپل سکریٹری ایجوکیشن کو حیدرآباد پبلک اسکول بورڈ آف گورنرس کا صدر نشین بنادیا تھا ۔ اسکول بیگم پیٹ علاقہ میں 130 ایکڑ پر محیط ہے ۔ ایچ پی ایس کے تعلق سے کہا جاتا ہے کہ یہ وٹیکن سٹی سے بڑا کیمپس ہے ۔ اس کی اصل عمارت ہیریٹیج عمارت بھی کہی جاتی ہے ۔