حیدرآباد کے ریاض خان کی امریکہ میں نمایاں خدمات

,

   

شہر میکلٹو کونسل کے رکن کی حیثیت سے ایک سال کی تکمیل

واشنگٹن: امریکی شہر میکلٹو کے کونسل میں پہلے ہندوستانی نژاد حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے محمد ریاض خان نے اپنی صلاحتوں کا لوہا منواتے ہوے بحیثیت رکن ایک سال مکمل کرلیا ہے۔ گذشتہ سال 6 نومبر کو محمد ریاض خان میکلٹو شہر کے کونسل کے رکن کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے اور ڈسمبر میں حلف لینے کے بعد اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ ان کے رکن منتخب ہونے کے کچھ عرصہ بعد ہی دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا پھوٹ پڑی جس سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ ان حالات میں ریاض خان کے لئے اپنے عہدے کے مطابق اس سے مقابلہ کرنا جوئے شیر لانے سے کم نہیں تھا۔ ایک طرف لاک ڈاؤن دوسری طرف عوام کو درپیش مشکلات میں ان کی مدد اورانہیں سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ریاض خان نے اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے عوام کے دلوں میں گھرکرلیا۔ محمد ریاض خان کے اندر عوامی خدمات کا جذبہ تھاجس کی وجہ سے میکلٹو شہر کی عوام کو کورونا وائرس کے دوران زیادہ مشکلات سے محفوظ رکھنے کی بھرپور کوشش کی۔ اس بات تذکرہ ضروری ہے میکلٹو شہر کی آبادی ذیادہ تر مقامی ہے وہاں ہندوستان سے تعلق رکھنے والوں کی تعداد کافی کم ہے۔ اس کے باوجود عوام نے ان کو منتخب کیا ہے کیونکہ ان کی عوامی خدمات اور انسانی ہمدردی اور نمایاں کارکردگی کی وجہ سے وہ مستحق تھے۔ محمدریاض خان نے میکلٹو شہر کے کونسل کا رکن بنے کے لئے 2015 اور۔2017 میں مقابلہ کیا تھا لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نے ہار نہیں مانی۔ اپنی خدمات کو جاری رکھا اور 2019 میں میکلٹو شہر کی عوام نے انہیں منتخب کیا۔ اس سفر میں ریاض خان کے افراد خاندان نے بھی ان کی ہمت افزائی کی ہے۔ ریاض خان سیاسی سرگرمیوں کے علاوہ سماجی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے میکلٹو شہر میں اسلامک سنٹر آف میکلٹو کے نام سے مسجد تعمیر کرنے کیلئے تمام منظوریاں حاصل کرلی ہیں بہت جلد اس کا سنگ بنیاد بھی رکھا جاے گا۔ ریاض خان نے اپنے نام کے ساتھ ہندوستان اور حیدرآباد کا نام بھی روشن کیا ہے۔