حیدرآباد ملک کا محفوظ ترین شہر وزیر داخلہ اور پولیس کو کے ٹی آر کی مبارکباد

   

حیدرآباد۔ 23 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما رائو نے ملک میں حیدرآباد کو محفوظ ترین شہر کا درجہ ملنے پر وزیر داخلہ محمد محمود علی، ڈائرکٹر جنرل پولیس، کمشنر پولیس حیدرآباد اور کمشنر پولیس سائبرآباد اور ان کی ٹیموں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ کے ٹی راما رائو نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہندوستان بھر میں کئے گئے سروے کے مطابق حیدرآباد ملک کا محفوظ ترین شہر ہے۔ انہوں نے شی ٹیم کی کارکردگی کی بھی ستائش کی جس نے کونسلنگ کے ذریعہ اختلافات کی یکسوئی میں اہم رول ادا کیا۔ شی ٹیم کے سبب عوامی مقامات پر خواتین کی ہراسانی میں کمی آئی ہے۔ شی ٹیمس خواتین میں ان کے حقوق کے بارے میں مہم اور شعور بیدار کرنے میں نمایاں رول ادا کررہی ہیں۔ کے ٹی راما رائو نے کہا کہ حیدرآباد میں شی ٹیمس کی کامیابی کے بعد اسے ریاست بھر میں متعارف کیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ پانچ برسوں کی مدت میں شی ٹیمس نے کامیابی کے ساتھ 33,700 کیسس کو حل کیا ہے۔ خواتین اور ان کے حقوق کا تحفظ شی ٹیمس کی اولین ترجیح ہے۔ 24 اکٹوبر 2014ء کو حیدرآباد میں چیف منسٹر کے سی آر نے خواتین کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے کے مقصد سے شی ٹیمس کا آغاز کیا تھا۔ کے ٹی آر نے جرائم کی شرح میں کمی کے لیے بھی حیدرآباد پولیس کی ستائش کی۔