حیدرآباد میں میزائل کٹس کی تیاری، 100ملین ڈالر کا آرڈر

   

اسرائیلی کمپنی رافیل اور کلیانی گروپ کا مشترکہ وینچر، اسرائیلی عہدیدار یونگ مین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔11 جولائی (سیاست نیوز) دفاعی ٹکنالوجی سے متعلق اسرائیلی کمپنی رافیل نے حیدرآباد کے ادارۂ کلیانی گروپ کے ساتھ مشترکہ ونچر میں میزائلس کٹس کی تیاری کے سلسلہ میں 100 ملین ڈالر کا آرڈر دیا ہے۔ رافیل اسرائیل کے ایگزیکٹیو وائس پریسیڈنٹ و جنرل منیجر ایراینڈ میزائل ڈیفنس سسٹم ڈیویژن بریگیڈیئر جنرل ریٹائرڈ پینی یونگ مین نے آج مسٹر بابا کلیانی صدر نشین کلیانی گروپ کو 100 ملین ڈالر کا آرڈر حوالے کیا۔ دونوں اداروں نے کلیانی رافیل اڈوانس سسٹم لمیٹڈ انڈیا (KRAS) تشکیل دیا ہے اور ہندوستان میں دفاعی نوعیت کا یہ سب سے بڑا آرڈر ہے جس کے تحت کمپنی کو 1000 براک 8، ایم آر ایس اے ایم میزائلس کے کٹس تیار کرتے ہوئے بھارت ڈائنمکس لمیٹڈ (بی ڈی ایل) کو سربراہ کریں گے۔ کلیانی رافیل اڈوانس سسٹم لمیٹڈ جوائنٹ وینچر 49:51 کے تناسب سے قائم کیا گیا ہے جس میں ہندوستانی پارٹنر کا حصہ 51 فیصد ہے۔ رافیل اڈوانس ڈیفنس سسٹم کی ہندوستانی دفاعی صنعت کے ساتھ اشتراک کی تابناک تاریخ ہے جس کے ذریعہ کئی جوائنٹ وینچرس کا آغاز کیا گیا۔ رافیل اسرائیل نے گزشتہ دو دہوں کے دوران میک ان انڈیا کے تحت ہندوستان میں 250 ملین ڈالرس کی سرمایہ کاری کی ہے۔ آرڈر کی حوالگی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بریگیڈیئر پینی یونگ مین نے بتایا کہ انڈین آرمی اور انڈین ایرفورس کو مزید عصری بنانے میں یہ پراجیکٹ معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ادارے کے ساتھ اشتراک اور میک ان انڈیا میں حصہ داری پر کمپنی کو فخر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان سے اسرائیل کے دفاعی شعبہ میں تعلقات میں بہتری ہوئی ہے۔ مستقبل میں کلیانی رافیل اڈوانس سسٹم لمیٹڈ مزید نئے پراجیکٹس کے آغاز کا منصوبہ رکھتا ہے جس میں ہندوستان کے بی ڈی ایل جیسے ادارے شامل رہیں گے۔ کلیانی گروپ دفاعی شعبہ میں ڈی آر ڈی او اور دیگر اداروں کے ساتھ کام کررہا ہے۔ بابا کلیانی صدرنشین کلیانی گروپ نے بتایا کہ 100 ملین ڈالر کا آرڈر ملنے پر ان کے ادارے کو فخر ہے اور انہیں امید ہے کہ رافیل اسرائیل کے ساتھ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ کلیانی گروپ ہندوستان کا ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی انجینئرنگ اور مینوفیکچرنگ صلاحیت کا ادارہ ہے جو انجینئرنگ اسکلس، آٹو موٹیو انڈسٹریئل، رنیویبل اینرجی، ڈیفنس، اربن انفراسٹرکچر اور کیمیکلس کے شعبہ میں بہتر صلاحیت کا حامل ہے۔ کرنل آر بھاٹیا نے پراجیکٹ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ رافیل اسرائیل کو جنرل منیجر بریگیڈیئر پینی یونگ مین نے مزید بتایا کہ رافیل اڈوانس ڈیفنس سسٹمس لمیٹڈ گزشتہ 70 برسوں سے اسرائیلی دفاعی افواج کو فضاء، زمین اور سمندر میں مقابلے کے لیے دفاعی سسٹم فراہم کررہا ہے۔ وہ ہندوستانی مسلح افواج کو میک انڈیا کے تحت دفاعی شعبہ میں مستحکم کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ کلیانی رافیل اڈوانس سسٹم پرائیویٹ لمیٹڈ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے قریب قائم کیا گیا ہے۔ دو سال قبل ٹی آر ایس حکومت نے اس پراجیکٹ کے لیے اراضی الاٹ کی تھی۔ کرنل آر بھاٹیا نے دعوی کیا کہ ہندوستانی فوج نے حالیہ سرجیکل اسٹرائک میں کمپنی کے فراہم کردہ آلات کا استعمال کیا ہے۔ رافیل اسرائیل ہندوستان کے علاوہ روس کو بھی میزائل ٹیکنالوجی میں تعاون کررہا ہے۔ بابا کلیانی کا دعوی ہے کہ 100 ملین ڈالر کی یہ ملک میں سب سے بڑی راست بیرونی سرمایہ کاری ہے۔ انہیں اسرائیلی کمپنی سے مزید آرڈرس کی امید ہے۔ اسرائیلی عہدیدار نے وضاحت کی کہ نام بھلے ہی رافیل ہو لیکن اس کا فرانس کی کمپنی سے کوئی تعلق نہیں جس کے طیارے کے مسئلہ پر ہندوستان میں تنازعہ پیدا ہوا تھا۔