ناگرجنا ساگر اور گوداوری میں مانسون سے پانی کی آمد
حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) مانسون کے آغاز کے تقریباً تین ہفتے بعد حیدرآباد کو پانی سربراہ کرنے والے ذخائرآب کی سطح میں اضافہ درج کیا گیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ناگر جنا ساگر کی سطح میں 4 فٹ کا اضافہ ہوا ۔ یہ پانی اکم پلی کے ذریعہ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اور سیوریج بورڈ کو سربراہ کیا جاتا ہے جو گریٹر حیدرآباد حدود میں تقریباً ایک کروڑ عوام کو پانی کی سربراہی کا ذمہ دار ہے۔ کرشنا ڈرنکنگ واٹر سپلائی پراجکٹ کے 3 مراحل کے تحت روزانہ 270 ملین گیالن پانی سربراہ کیا جاتا ہے۔ گوداوری کی سطح میں 6 فٹ کا اضافہ ہوا ہے۔ میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ گوداوری سے روزانہ 164 ملین گیالن پانی حیدرآباد کو سربراہ کرتا ہے۔ اِسی دوران شہر کے ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ سنگور اور مانجرا ذخائر آب کی سطح بھی جوں کی توں برقرار ہے۔ واٹر بورڈ کو اُمید ہے کہ مانسون کے باقی ایام میں ذخائرآب کی سطح میں اضافہ ہوگا۔ جاریہ سال موسم گرما میں واٹر بورڈ کو پانی کی قلت سے نمٹنے میں کامیابی ملی تھی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔