حیڈرا کو کامل اختیارات ‘ 169 عہدیدار بھی الاٹ کئے جائیں گے

   

964 رکنی آوٹ سورسنگ عملہ کے تقرر کی اجازت ۔ راشن کارڈز پر آئندہ جنوری سے باریک چاول کی فراہمی

ریاستی کابینہ کے فیصلے

حیدرآباد 20 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی کابینہ نے ’حیڈرا ‘کو مکمل اختیارات اور آزادانہ ادارہ کے طور پر منظوری کا فیصلہ کیا ہے اور ’حیڈرا ‘کیلئے 169 عہدیدار الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 964 آؤٹ سورسنگ عملہ کے تقرر کو منظوری دی گئی ہے۔ وزراء پی سرینواس ریڈی ‘ این اتم کمار ریڈی ‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر صدارت کابینی اجلاس کے فیصلوں سے میڈیا کو واقف کروایا اور کہا کہ حکومت نے ’حیدرا‘ کو کامل اختیارات کے علاوہ ان کے امور میں مداخلت نہ کرکے آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں موجود تالابوں‘ ذخائر آب ‘ نالوں پر قبضوں کی برخواستگی کویقینی بنانے کو منظوری دی ہے۔ سرینواس ریڈی نے بتایا کہ ’حیڈرا ‘کے دائرہ کار میں آؤٹر رنگ روڈ کے 27 شہری و ادارہ جات مقامی اداروں کے علاوہ 51 گرام پنچایتوں کی شمولیت کو منظوری دی گئی تاکہ ان بلدیات و ادارہ جات مقامی اور 51پنچایتوں کے ذخائر آب اور تالابوں و کنٹوں کے ایف ٹی ایل و بفر زون میں قبضہ جات کو برخواست کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے کوٹھی ویمنس کالج جسے یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا خواتین کی یونیورسٹی کو چکلی ایلماں کے نام سے موسوم کرنے کو منظوری دی جبکہ پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی کے نام کو تبدیل کرکے اسے سوراورم پرتاپ ریڈی کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نئے قومی ادارہ انڈین انسٹیٹیوٹ آف ہینڈلوم ٹکنالوجی کو تلنگانہ گاندھی کونڈا لکشمن باپوجی کے نام سے موسوم کرنے کو منظوری دی گئی ۔ کابینہ میں تلنگانہ کے 8 نئے میڈیکل کالجس میں عملہ کے تقررات کو منظوری کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس کے علاوہ راشن کارڈس پر باریک چاول کی فراہمی کو منظوری دے کر رقمی منظوری کا فیصلہ کیا ہے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ آئندہ جنوری سے کارڈ گیرندو ں کو باریک چاول کی سربراہی کا آغاز کیا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ کسانوں کو باریک چاول کی پیداوار پر 500 روپئے بونس کی بھی منظوری دی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے نلگنڈہ میں جاری SLBC پراجکٹ کو اندرون دو سال مکمل کرنے کے منصوبہ کو کابینہ کی منظوری سے واقف کروایا اور کہا کہ وزراء کے وفد نے تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کی تھی جس کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیاگیا ہے ۔ سرینواس ریڈی نے ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر اور جنوبی حصہ کی سڑک کے منصوبہ کی تیاری اور تجاویز کے علاوہ اراضیات کے حصول کا جائزہ لینے ضلع کلکٹر اور اسپیشل چیف سیکریٹری و بلدی نظم و نسق اور محکمہ مال کے سیکریٹریز پر مشتمل 12 عہدیداروں کی کمیٹی کی تشکیل کو کابینہ نے منظوری دی ۔ کابینہ نے پولیس عہدیداروں کی صحت کے متعلق منصوبہ کو منظوری دی ۔ کابینی اجلاس میں وزراء ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک‘ پونم پربھاکر ‘ پی سرینواس ریڈی ‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ جوپلی کرشنا راؤ‘کیپٹن اتم کمار ریڈی‘ سیتا اکا‘ سریکھا و محکمہ جاتی حکام نے شرکت کی۔ نلگنڈہ میں ایس ایل بی سی پراجیکٹ کی اندرون 2سال تکمیل کیلئے کابینہ نے 6000 کروڑ کی منظوری کا فیصلہ کیا ۔ وزرا نے بتایا کہ مختلف اداروں کو اراضیات بالخصوص محکمہ مال کی اراضیات کی حوالگی کی منظوریاں دی ہیں تاکہ ان کے ذریعہ صنعتی و تجارتی ترقی کے منصوبوں پر عمل ہوسکے۔ کھمم میں خصوصی معاشی زون کیلئے اراضی کی حوالگی کو بھی کابینہ نے منظوری دی ہے۔3