نئی دہلی ۔ دہلی میں ایک خاتون کانسٹبل نے اپنی ڈیوٹی اس طرح نبھائی کہ ہر کوئی اس کی دانشمندی کی تعریف کر رہا ہے۔ دہلی کے ایرفورس اسٹیشن پالم گیٹ کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار سڑک کے کنارے بے ہوش پڑا تھا۔ اس کی گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرا ئی جس کی مدد دہلی پولیس میں کام کرنے والی خاتون کانسٹیبل ستیش کماری نے سی پی آر دے کر کی اور اس طرح خاتون کانسٹیبل نے موٹر سائیکل سوار کی جان بچائی۔ دراصل صبح تقریباً 8 بجے خاتون کانسٹبل ستیش کماری دوارکا ٹریفک سرکل پر ڈیوٹی پر تھیں۔ اس دوران دو موٹر سائیکلوں کے درمیان زبردست ٹکر ہو ئی۔ اس واقعہ میں موٹر سائیکل پر سوار35 سالہ امیت ڈوگرا نامی شخص موٹر سائیکل سے سڑک کنارے گرکر بے ہوش ہوگیا۔ ستیش کماری نے جیسے ہی یہ حادثہ دیکھا، وہ موقع پر موجود دیگر لوگوں کے ساتھ مدد کے لیے وہاں پہنچ گئی۔ خاتون کانسٹیبل ستیش کماری امیت ڈوگرہ کے قریب گئی اور پہلے امیت کو جو کہ بے ہوشی کی حالت میں پڑا تھا کو پلٹا اور پھر سی پی آر دیا۔ اس کے بعد نتیجہ یہ نکلاکہ اسے زندگی ملی اور اسے پی سی آر وین میں اسپتال لے جایا گیا اور درمیان میں اسے ہوش آگیا۔ اس طرح لیڈی کانسٹیبل نے فرشتہ بن کر اس شخص کی جان بچائی۔