آٹھ بجے شب ڈیوٹی ختم کرنے کے احکامات کے بعد کنڈکٹرس کی پریشانی میں اضافہ
حیدرآباد /19 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) ریاستی چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جہاں آر ٹی سی کے خاتون کنڈکٹرس کیلئے رات 8 بجے کے بعد ڈیوٹی انجام دینے کی راحت فراہم کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں ۔ وہیں آر ٹی سی بس ڈپوز کی سطح پر عہدیداران آر ٹی سی خاتون کنڈکٹرس کو علی الصبح چار بجے ڈیوٹی پر آنے کیلئے دباؤ ڈالنے کی اطلاعات ہیں ۔ جبکہ خاتون کنڈکٹرس صبح چھ بجے کے بعد ڈیوٹی انجام دینے کیلئے تیار رہنے کا اظہار کر رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ آر ٹی سی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ صبح 4 بجے سے ڈیوٹی انجام دینے کی صورت میں دو بجے دوپہر تک ڈیوٹی مکمل کرلی جاسکتی ہے ۔ کیونکہ حیدرآباد سٹی آر ٹی سی بس ڈپوز سے سٹی بسوں کا صبح 4 بجے سے آغاز ہونے کے پیش نظر خاتون کنڈکٹرس کو بھی صبح چار بجے ڈیوٹی پر آنے کیلئے مجبور کیا جارہا ہے ۔ خاتون کنڈکٹرس کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ فی الوقت چونکہ شدید سردی کا موسم جاری ہے ۔ اس دوران علی الصبح چار بجے شدید سردی میں گھر سے باہر آکر ڈیوٹی پر جانے کیلئے کئی مسائل سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ۔ بالخصوص گھروں سے اپنے متعلقہ بس ڈپوز تک پہونچنے کیلئے خاتون کنڈکٹرس کو سفر کرنے کی کوئی سہولت فراہم نہیں رہتی ہے ۔ علاوہ ازیں خاتون کنڈکٹرس کو اپنی ڈیوٹی کے علاوہ گھریلو مصروفیات کو بھی پورا کرنے کی شدید ضرورت ہوا کرتی ہے ۔ لیکن ان تمام حالات سے واقف رہتے ہوئے بھی بعض عہدیداران آر ٹی سی خاتون کنڈکٹرس کو علی الصبح ڈیوٹی پر آنے کیلئے مجبور کر رہے ہیں اور اس طرح عہدیداروں کی جانب سے چیف منسٹر کی جانب سے دی گئی خصوصی ہدایات کو بھی نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ خاتون کنڈکٹروں کے مطابق انہیں صبح تا شام کے دوران کسی بھی شفٹ میں ڈیوٹی ڈالنے پر انجام دینے کیلئے تیار رہنے کا اظہار کیا ہے ۔