خاتون کو ڈبلیو ایف آئی کا سربراہ بنانے کا مطالبہ

   

نئی دہلی۔ ریسلرز بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک نے وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر سے چار مطالبات کیے ہیں، جن میں ایک خاتون ڈبلیو ایف آئی سربراہ کا تقرر اور ان کے خلاف پولیس ایف آئی آرکو ختم کرنا شامل ہے۔انہوں نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا ( ڈبلو ایف آئی) کے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات اور ایک خاتون سربراہ کے تقررکا مطالبہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ برج بھوشن سنگھ یا ان کے خاندان کے افراد فیڈریشن کا حصہ نہیں بن سکتے۔ برج بھوشن سنگھ کی گرفتاری کے اپنے مطالبے کو بھی دہرایا۔ ذرائع نے کہا تاہم اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا حکومت ڈبلیو ایف آئی کے کام میں مداخلت کرسکتی ہے یا آئین میں تبدیلی ہوگی؟احتجاج کرنے والے پہلوانوں کو وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کے چند دنوں بعد حکومت نے دوسری بار مدعوکیا ہے۔ جنوری میں بھی پہلوانوں نے انوراگ ٹھاکر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ایک کمیٹی کی تشکیل کے بعد اپنا احتجاج ختم کردیا تھا۔ اس وقت سابق پہلوان اور بی جے پی لیڈر ببیتا پھوگاٹ نے ثالث کا کردار ادا کیا تھا۔ قبل ازیں چہارشنبہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے ساکشی ملک نے کہا ہم سب کچھ کھلا رکھیں گے، ہم بند دروازوں کے پیچھے کوئی فیصلہ نہیں لیں گے۔ ہم حکومت کی طرف سے دی گئی تجویز پر اپنے سینئرز اور حامیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے اور تب ہی جب ہرکوئی اپنا فیصلہ کرے گا۔ اتفاق کریں کہ تجویز ٹھیک ہے، پھر ہم مانیں گے۔
کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں باندھیں
لندن۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ میچ آفیشلزکو اوول میں 2023 ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے آغاز سے قبل بازو پر سیاہ پٹیاں باندھے ہوئے دیکھا گیا تاکہ اڈیشہ ٹرین سانحہ کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔ قومی ترانے سے پہلیگراؤنڈ میں موجود ہر شخص نے اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں بہناگا بازار ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آئے المناک ٹرین حادثے کے متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ گزشتہ جمعہ کو تین ٹرینوں کے تصادم میں 288 افراد ہلاک اور 1000 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں جبکہ دو مسافر اور ایک مال گاڑی میں تصادم ہوا جسے ہندوستان میں تقریباً دو دہائیوں میں ٹرین کے بدترین حادثات میں سے ایک کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔