خانقاہیں مخلوق کو خالق سے جوڑنے کے مقدس فریضہ میں مصروف

   

وقار آباد میں خانقاہ کا سنگ بنیاد، حضرت غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ کا خطاب
وقارآباد۔ 9 فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضرت مولانا ابوالخیر سید شاہ غلام افضل بیابانی سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ نے خانقاہوں کے سربراہوں کو تلقین کی کہ وہ مخلوق کو خالق حقیقی سے جوڑنے کے اپنے مقدس فریضہ کی انجام دہی کی ادائیگی اور کوتاہی سے اجتناب کریں چونکہ اللہ رب العالمین نے مخلوق کے اصلاح کی عظیم فریضہ کی ذمہ داری اولیا اللہ کے ذریعہ خانقاہوں پر رکھی ہے ہمارے اسلاف نے اس مقدس فریضہ کی ادائیگی میں کوتاہی نہیں برتی ہے سابق صدرنشین متحدہ ریاست آندھراپردیش وقف بورڈ نے ضلع وقارآباد کے مر پلی منڈل میں درگاہ شریف حضرت غریب نواز شاہ قادری رحمۃ اللہ علیہ کے تحت تعلیمی مرکز،خانقاہ اور لنگر خانہ کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء اللہ نے اپنے کردار کے ذریعے مخلوق کو رب کائنات سے جوڑتے ہوئے امت مسلمہ کو دونوں جہاںکی رحمتوں کا حقدار بنایا۔ حضرت مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی نے کہا کہ آج دنیا اضطراب میں مبتلا ہے اور سکون کی تلاش میں سرگرداں ہے اگر ہم خانقاہوں کے وجود کے حقیقی مقصد پر عمل کریں تو اغیار کو اپنے کردار کے ذریعہ دعوت دین کے مقدس فریضہ کو با آسانی انجام دے سکتے ہیں۔میر قادرعلی شاہ ابوالعلائی المعروف قاسم بابا سجادہ نشین و متولی بارگاہ آستانہ ابوالعلائی چمن مستعد پورہ نے تقریب کی صدارت کی حضرت محمد رشید ابوالعلائی سجادہ نشین و متولی بارگاہ و خانقاہ بیابانی و ابوالعلائی نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ خانقاہ و لنگر خانہ کا قیام کا مقصد شہر کی آبادی سے دور تزکیہ نفس کے ذریعہ قوم کے عقائد کی اصلاح فرائض و سنن اور حقوق العباد کی ادائیگی کی ذمہ دار یوں کی ادائیگی کی ترغیب دینا ہے ۔ ڈی اندرا اشوک سرپنچ مرپلی نے کہا کہ اس خانقاہ کے ذریعہ قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہوگا۔