حیدرآباد۔20 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1551 ہوگئی جس کے بعد تلنگانہ حکومت نے خانگی دواخانوں کو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کی اجازت دی اور ان کے لئے ہدایات جاری کیں۔فی الحال کورونا کے مریضوں کا علاج گاندھی اسپتال ، چیسٹ اسپتال ، کنگ کوٹھی اسپتال ، سروجنی دیوی اسپتال اور ٹمس اسپتال میں جاری ہے۔ریاست میں وباء کے ابتدائی مرحلے میںکورونا کے کچھ مریضوں کا کارپوریٹ دواخانوں میں علاج کیا گیا تھا تاہم اس کے لئے مریضوں کی طبی خدمات اور پہلے سے طے شدہ سرجریوں کو 50 دن کے لئے روک دیا گیا ہے۔ حکومت نے اب خانگی دواخانوں میں کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے قواعد وضوابط نافذ کیے ہیں اور عام طبی خدمات کے لئے بھی قواعد واضع کیے ہیں۔ریاستی میڈیکل ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے مرکزی حکومت کے قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے تازہ ترین رہنما اصول جاری کیے ہیں۔حکومت نے دواخانوں کوکوروناکے مشتبہ مریضوں کے لئے مخصوص داخلہ اور خارجی راستوں کے قیام کی ہدایت دی ہے۔ اس نے دواخانوں سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ مریضوں کے لئے الگ سے وارڈ اور کمرے مقرر کیے جائیں تاکہ انہیں تنہائی میں رکھا جاسکے۔ مزید اس نے عملے کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ مشتبہ مریضوں کی جانچ اور علاج کے دوران تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔رہنما خطوط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مریض جو کورونا کے لئے مثبت ٹسٹ کرتے ہیں ان کا معالجین باقاعدگی سے معائنہ کریں۔ امراض قلب ، پلمونولوجسٹ ، اینستھیزولوجسٹ کو لازمی طور پر ویڈیو مشاورت کی جانی چاہئے۔ اگر مریض وائرل انفیکشن کا شکار ہوجاتا ہے تو دواخانہ کو متوفی کی لاش کو منتقل کرنے اور آخری رسومات کے لئے نافذ قواعد پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔