سیلفی کے ذریعہ بجاج فینانس اور ایچ ڈی ایف سی کے فینانس کا ذکر
حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) خانگی فینانسروں کی ہراسانی سے دلبرداشتہ ایک شخص نے خودکشی کرلیا۔ موبائیل فون کی ای ایم آئی میں تاخیر اور پینالٹی کی ادائیگی سے تنگ آکر اس شخص نے انتہائی اقدام کرلیا۔ کلثوم پورہ پولیس حدود میں پیش آئے اس دردناک واقعہ میں نظام الدین نے سیلفی ویڈیو تیار کرتے ہوئے خودکشی کرلی۔ فینانسر رقم کی ادائیگی کیلئے نظام کوپریشان کررہے تھے اور اس کے گھر بھی پہنچ گئے تھے۔ نظام الدین نے دو موبائیل فون اپنے اور ایک اپنے ساتھی کیلئے لیا تھا جس کی بروقت ادائیگی بھی جاری تھی ۔ دو ماہ کی ای ایم آئی کے لئے نظام کو پینالٹی رقم بھی ادا کرنے کیلئے زور دیا جارہا تھا اور کل اس کے مکان پہنچ کر اس کی کم عمر لڑکی کو رسوا کیا گیا۔ اس بات سے نظام شدید دلبرداشتہ ہوگیا جو پہلے ہی فینانس کمپنی کی جانب سے ہراسانی کے سبب ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا تھا۔ اس نے ایک سیلفی ویڈیو تیار کیا جس میں خودکشی کی وجہ بتاتے ہوئے بجاج فینانس اور ایچ ڈی ایف سی کے فینانس کو اپنی خودکشی کا ذمہ دار ٹہرایا اور خودکشی کرلیا۔ نظام پیشہ سے آٹو ڈرائیور بتایا گیا ہے جس کی ایک بیٹی اور ایک بیٹا ہے۔ گذشتہ ماہ سے نظام کو روزگار نہ ملنے سے وہ گھر پر ہی تھا۔ اس کی بیوی گھریلو ملازمہ کا کام کرتی تھی اور دونوں میاں بیوی کی کمائی سے دو بچوں کی پرورش اور گھریلو اخراجات کی مشکل سے پابجائی ہوا کرتی تھی۔ نظام کی موت کے بعد یہ لوگ بے سہارا ہوگئے۔ نظام کی بیوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چند روز سے ان کے شوہر کو شدید ہراسانی کا سامنا تھا۔ انہوں نے دو موبائیل فون بجاج شوروم عطا پور سے حاصل کیا تھا اور اس کی اقساط کی ادائیگی میں مشکل پیش آرہی تھی۔ دو اقساط کو بروقت ادائیگی کیلئے بری طرح تنگ کیا جارہا تھا۔ فینانس کمپنیوں کی ہراسانی اس قدر بڑھ گئی تھی کہ نظام ذہنی تناؤ کا شکار ہوگیا اور اس نے بالآخر خودکشی کرلی۔ کلثوم پورہ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ع