حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں 11 خصوصی ٹیموں کی بیک وقت تلاشی مہم
حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے خانگی میڈیکل کالجس کے انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے آج دھاوؤں کا آغاز کیا ہے۔ کامینینی گروپ کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر کی قیامگاہ اور دفاتر پر آج صبح سے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی ٹیموں نے تلاشی مہم شروع کی۔ بتایا جاتا ہے کہ 15 مختلف ٹیمیں ریاست کے کئی مقامات پر بیک وقت تلاشی مہم میں مصروف ہیں۔ ایس وی ایس میڈیکل کالج اور میڈی سٹی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کے معاملات کی جانچ کیلئے یہ دھاوے کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ شاہ میر پیٹ میں واقع میڈی سٹی انسٹی ٹیوٹ پر تلاشی کا کام شام تک بھی جاری رہا۔ فلم نگر میں واقع پرتیما کارپوریٹ آفس پر مختلف دستاویزات کی جانچ کی جارہی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی دو ٹیموں نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ میڈیکل کالجس اور پرتیما گروپ میں مالی بدانتظامیوں کی شکایت پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے حیدرآباد میں دوبارہ دھاوؤں نے سیاسی اور صنعتی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ حال ہی میں بی آر ایس کے قائدین کے مکانات اور دفاتر پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے دھاوے کئے تھے۔ بشیر باغ میں واقع انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے آفس سے 11 ٹیمیں روانہ ہوئیں۔ سی آر پی ایف کے حفاظتی دستوں کے ساتھ یہ تلاشی مہم شروع کی گئی۔ نلگنڈہ، رنگاریڈی، محبوب نگر، میڑچل اور کھمم اضلاع میں یہ دھاوے جاری رہنے کی امید ہے۔ تلنگانہ میں ریاستی وزیر ملا ریڈی کے تعلیمی اداروں کے خلاف بھی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے کارروائی کی تھی۔ر