حیدرآباد ۔9 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کورسس برائے تعلیمی سال 2025-26 میں داخلوں کیلئے آخری تاریخ میں توسیع سے متعلق خانگی میڈیکل اور ڈینٹل کالجس کی درخواست کو سماعت کیلئے قبول کرلیا۔ خانگی میڈیکل اور ڈینٹل کالجس کے انتظامیہ نے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کی اپیل کی ہے ۔ جسٹس پی سیام کوشی اور جسٹس این نرسنگ راؤ پر مشتمل بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ حکام کی جانب سے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ، ڈگری اور ڈپلوما کورسس میں تقررات کی تاریخ میں 28 فروری کے بعد توسیع نہیں دی گئی جس کے خلاف خانگی کالجس ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلہ سے خانگی کالجس پر اثر پڑے گا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ خانگی کالج میں پوسٹ گریجویٹ کی بیشتر نشستیں مخلوعہ ہیں جبکہ کونسلنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ تقریباً 377 پی جی میڈیکل نشستیں مخلوعہ ہیں۔ درخواست گزاروں نے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کیلئے حکام کو ہدایت دینے کی اپیل کی ۔ عدالت نے 10 مارچ کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے ۔1