غیر ضروری ٹسٹ اور پلیٹ لیٹس کے نام پر ہراسانی کی شکایت، من مانی وصولی کے خلاف شکایت کریں : ڈائرکٹر ہیلت
حیدرآباد ۔ 15 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں وبائی امراض ڈینگو ، ملیریا کے واقعات میں اضافہ جہاں شہریوں میں خوف کا سبب بنا ہوا ہے تو وہیں دوسری طرف دواخانوں میں مریضوں کے خوف سے فائدہ اٹھا کر لوٹ کھسوٹ جاری ہے ۔ خانگی ہاسپٹلس عوام کی اس پریشانی سے فائدہ اٹھانے سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی موقع چھوڑا نہیں چاہئے ۔ شہر کے بیشتر خانگی ہاسپٹلس ان دنوں لوٹ کھسوٹ کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں ۔ غیر ضروری معائنہ اور ٹسٹوں کے نام پر الگ اور پلیٹ لیٹس کی ضرورت کے نام پر الگ انداز سے مریضوں کے رشتہ داروں کو ٹھگا جارہا ہے ۔ غیر موقع ایسے بھی پائے جاتے ہیں جہاں مریضوں کو پلیٹ لیٹس کی ضرورت نہ ہونے کے باوجود انہیں پلیٹ لیٹس فراہم کرتے ہوئے اخراجات کا بوجھ ڈالا جارہا ہے ۔ عام طور پر صحت مند جسم میں دیڑھ لاکھ تا 4 لاکھ پلیٹ لیٹس پائے جاتے ہیں ۔ ڈینگو سے متاثرہ شخص میں ان پلیٹ لیٹس کی تعداد کم ہوتی جاتی ہے اور انتہائی تشویش ناک حد کو بھی پہونچتی ہے ۔ تاہم پلیٹ لیٹس کے گرتے ہوئے موقف سے مریضوں کے رشتہ داروں اور مریض کو خوف دلایا جاتا ہے اور ان کے خوف سے فائدہ اٹھا کر انہیں دواخانے میں شریک ہونے کے لیے مبینہ دباؤ ڈالا جارہا ہے ۔ ایک ہفتہ 10 دن کے علاج کے نام پر لاکھوں روپئے وصول کئے جارہے ہیں اور اکثر مریضوں کو جو بہت زیادہ خوف کا شکار ہوتے ہیں انہیں آئی سی یو میں شریک کرتے ہوئے طرح طرح کے ٹسٹ کروائے جارہے ہیں ۔ ریاست کے 12 بڑے دواخانوں میں 4 سال قبل ہی پلیٹ لیٹس کو علحدہ کرنے والی مشنری فراہم کی گئی تھی جن میں گدوال ، تانڈور ، نرمل ، جگتیال ، سنگاریڈی ، کاماریڈی ، کتہ گوڑم ، نلگنڈہ ، بھدرا چلم ، سوریہ پیٹ ، جنگاؤں اور سدی پیٹ شامل ہیں ۔ جب کہ عثمانیہ ، گاندھی اور ورنگل ایمس عادل آباد ، اور نظام آباد کے ہاسپٹلس میں فی کس 2 مشینیں فراہم کی گئی تھیں سرکاری دواخانوں میں ان آلات کی فراہمی کے ذریعہ عوام کے مالی بوجھ کو کم کرنا اور معیاری علاج فراہم کرنا اصل مقصد تھا ۔ ریاست بھر میں 10 ستمبر تک ڈینگو کے 3144 کیس درج کئے گئے ۔ شہر و اضلاع میں خانگی ہاسپٹلس کی من مانی اور لوٹ کھسوٹ کے الزامات کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ڈائرکٹر ہیلت نے اپنے بیان میں عوام سے درخواست کی کہ وہ ایسی کسی بھی مسئلہ پر شکایت کرسکتے ہیں ۔ زائد بلز وصول کرنے والے اور غیر ضروری ہراساں کرنے والے دواخانوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ڈائرکٹر ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے عوام سے 9154170960 پر واٹس اپ پر شکایت درج کریں ۔۔A