خان یونس میں اسرائیلی فوج اورحماس کے درمیان شدید لڑائی

   

رملہ : غزہ کے علاقے خان یونس میں اس وقت اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔ صیہونی فورسز کی وحشیانہ فضائی اور زمینی بمباری میں اب تک 89فلسطینی شہید اور 250 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔رفح میں فلسطینی مزاحمتی گروپ نے اسرائیلی ٹینکوں پر راکٹوں سے حملے کیے جن میں متعدد ٹینک تباہ ہوگئے، جب کہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل نے ڈرون حملہ کر دیا، جس میں پانچ فلسطینی مارے گئے ہیں۔ خان یونس کے رہائشیوں نے جنوبی شہر میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی جنگجوؤں کے درمیان شدید لڑائی کی اطلاع دی ہے ۔ جب انھیں شہر کے مشرقی علاقوں سے ہیومینٹیرین زون المواصی کیمپ کی طرف فوری طور پر انخلا کا حکم دیا گیا تو اس کے بعد بھاگنے کیلئے صرف 2 منٹ تھے ۔