استنبول ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کی تحقیقات کرنے کی ذمہ داری متحدہ عدلیہ کے جس ماہر کو سونپی گئی ہے، اس نے منگل کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی رپورٹ جاریہ سال مئی کے اواخر میں پیش کریں گی۔ خاتون ماہر ایگنس کلامرڈ جو اقوام متحدہ کی خصوصی ماہر ہیں، نے استنبول میں واقع سعودی سفارتخانہ کے باہر کے حصہ کا معائنہ کیا تھا۔ یاد رہیکہ سعودی حکومت کے سب سے بڑے ناقد تصور کئے جانے والے جمال خشوگی کو استنبول میں واقع سعودی سفارتخانہ کی عمارت میں گذشتہ سال 2 اکٹوبر کو قتل کردیا گیا تھا جس کے بارے میں ترکی کا خیال ہیکہ قاتلوں کے ٹولے کو ریاض سے استنبول روانہ کیا گیا تھا تاکہ وہ خشوگی کا کام تمام کرسکیں۔ سفارتخانہ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کلامرڈ نے کہا کہ وہ اپنی رپورٹ اپنے وعدہ کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے جون سیشن سے قبل پیش کردیں گی۔