نریندر ریڈی مشیر اعلیٰ چیف منسٹر، محمد علی شبیر اقلیتی بہبود کے مشیر مقرر
حیدرآباد۔21جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے مشیر اعلیٰ ‘ ریاستی محکمہ جات ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ او بی سی اور میناریٹی کے لئے حکومت کے مشیر ‘ خصوصی قاصد برائے دہلی ‘کے علاوہ محکمہ جات پروٹوکول و عوامی رابطہ کے مشیر کے تقرر کے سلسلہ میں احکامات جاری کردیئے ہیں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے مسٹر ویم نریندر ریڈی کو مشیر اعلیٰ برائے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے عہدہ کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ۔ مسٹر ویم نریندر ریڈی چیف منسٹر کے قریبی رفیق مانے جاتے ہیں اور انہوں نے بھی تلگو دیشم پارٹی سے کانگریس میں مسٹر اے ریونت ریڈی کے ساتھ ہی شمولیت اختیار کی تھی ۔ مسٹر ویم نریندر ریڈی کو مشیر برائے چیف منسٹر کے تقرر کے سلسلہ میں جاری جی او آر ٹی نمبر 115میں اس بات کی صراحت کی گئی ہے کہ حکومت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ان کے تقرر کے ساتھ انہیں ریاستی وزیر کا درجہ اور سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیںگے۔ اسی طرح چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ مسز شانتی کماری کے دفتر سے جاری جی او آر ٹی نمبر 116 میں جناب محمد علی شبیر سابق ریاستی وزیر کو محکمہ جات ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ اوبی سی اور اقلیتی بہبود کے لئے مشیر برائے حکومت مقرر کیا گیا ہے اور انہیں بھی ریاستی وزیر کا درجہ فراہم کرنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر فینانس کے بھائی مسٹر ملو بھٹی وکرمارک کے بھائی مسٹر ملو روی کو حکومت تلنگانہ نے دہلی میں حکومت کے خصوصی نمائندہ کے طور پر تقرر کے احکام جاری کئے ہیں اور انہیں بھی ریاستی وزیر کا درجہ حاصل رہے گا۔ اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے جی او آرٹی 117 جاری کیا گیا ہے۔مسٹر ہرکارا وینو گوپال راؤ کو حکومت تلنگانہ کی جانب سے مشیر برائے محکمہ پروٹوکول و پبلک ریلیشن کے عہدہ پر فائز کرنے کے احکام جاری کئے ہیں اور انہیں بھی اس ریاستی وزیر کا درجہ فراہم کیا گیا ہے۔ جی او آر ٹی 118 جاری کرتے ہوئے مسٹر ہرکارا وینو گوپال راؤ کے تقرر کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ 3