خلائی صنعت چند سال میں 16بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی:مودی

   

بنگلورو: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے سائنسدانوں سے کہا کہ ملک کی خلائی صنعت اگلے چند سال میں 8 بلین ڈالر سے بڑھ کر 16 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ مودی نے اسرو کے سائنس دانوں سے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ ہندوستان کا اختراعی جذبہ 2047 میں ایک ترقی یافتہ ملک کے خواب کو حقیقت بنا دے گا۔ مودی نے یونان سے واپسی کے بعد یہاں اسرو کا دورہ کیا ۔

چندریان 3 مشن کے تین میں دومقاصد کی تکمیل:اسرو
بنگلورو: چاند کے جنوبی قطب پر لینڈنگ کے تین روز بعد چندریان 3 نے اپنے مشن کے کئی مقاصد پر کام شروع کردیا ہے ۔ اس بارے میں اسرو نے آج شام بتایا کہ تین بڑے مقاصد میں سے چاند کی سطح پر محفوظ اور سافٹ لینڈنگ کا مظاہرہ اہم کام رہا ۔ روور کا چاند پر گھوم کر ڈاٹا جمع کرنا بھی کامیابی سے ہوا ہے ۔ اب دیگر سائنسی تجربات کا کام چل رہا ہے ۔ اس ضمن میں تمام آلات اطمینان بخش کام کررہے ہیں ۔

مودی کا استقبال نہ کرکے پروٹوکول کی خلاف ورزی نہیں کی: شیوکمار
بنگلورو: کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوکمار نے ہفتہ کو واضح کیا کہ چیف منسٹر سدارامیا اور انہوں (شیوکمار) نے بنگلورو میں وزیراعظم نریندر مودی کا استقبال نہ کرکے پروٹوکول کی خلاف ورزی نہیں کی ہے کیونکہ وہ دفتر وزیراعظم کے احکام پر عمل کررہے تھے ۔ شیوکمار نے یہ وضاحت اسرو کو مبارکباد دینے کیلئے وزیر اعظم مودی کے بنگلورو کے دورے کے دوران پروٹوکول کی مبینہ خلاف ورزی کے تنازعہ کے درمیان کی ہے ۔

انہوں نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ سیاست ختم ہو چکی ہے اور اب ترقی کا وقت ہے ۔ کرناٹک ایک ثقافتی ریاست ہے اور ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم میں سے کوئی ایک کسی بھی وقت وزیر اعظم کا استقبال کرے گا، لیکن وزیر اعظم کے دفتر سے ہمارے پاس ریلیز آئی تھی، اس لیے ہم نے ایسا نہیں کیا۔