خواتین پر مظالم کی روک تھام کیلئے قوانین میں عنقریب ترمیم

   

پیر کو لوک سبھا میں بیان، مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کی مقتول ڈاکٹر کے افراد خاندان سے ملاقات

حیدرآباد۔/30 نومبر، ( سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے آج شمس آباد پہنچ کر مقتول ڈاکٹر پرینکا ریڈی کے پسماندگان سے ملاقات کی اور انہیں پرسہ دیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ خاطیوں کے خلاف فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ کی سماعت کے ذریعہ پھانسی کی سزا دلانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ برٹش دور حکومت کے قوانین میں بہت جلد ترمیم کی جائے گی تاکہ جرائم کے واقعات پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو انصاف دلانے کیلئے آئی پی سی اور سی آر پی سی قوانین میں ضروری ترمیمات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اکثر ٹرائیل کورٹ کے فیصلوں کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جاتا ہے۔ اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ ٹرائیل کورٹ کے فیصلہ کو ہائی کورٹ میں چیلنج نہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے بجائے راست سپریم کورٹ میں معاملہ کی یکسوئی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد لوک سبھا میں اس سلسلہ میں حکومت ترمیمات پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے 112 نمبر سے خصوصی ایپ تیار کیا گیا ہے۔ ہر خاتون اس ایپ کو ڈاون لوڈ کرتے ہوئے کسی دشواری کی صورت میں پولیس سے مدد طلب کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کے سلسلہ میں قانون میں ترمیم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہندوستان میں ہم برطانوی دور حکومت کے قوانین پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی ایپ کے تحت اگر کسی خاتون کو خطرہ لاحق ہو اور وہ بٹن دبائے تو تمام متعلقہ عہدیداروں کو اس کی اطلاع ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے ایپ پر عمل آوری کیلئے تلنگانہ حکومت کو ہدایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس اور کمشنر پولیس سے اس سلسلہ میں بات چیت کی گئی ہے۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ 6، 7 اور 8 ڈسمبر کو ملک کے تمام ڈائرکٹرس جنرل پولیس کے اجلاس میں وہ یہ تجویز پیش کریں گے۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ خواتین پر مظالم کے سلسلہ میں وہ پیر کو لوک سبھا میں بیان دیں گے۔ قانون میں اس طرح ترمیم کی جائے گی کہ کوئی بھی پولیس اسٹیشن یہ کہہ نہیں سکے گا کہ جرم کا علاقہ اس کے حدود میں نہیں آتا۔ انہوں نے کہاکہ گجرات کے گاندھی نگر میں آدھی رات کو بھی خواتین محفوظ طور پر گھوم سکتی ہیں۔