خواتین پر کئے جانے والے تشدد کے انسداد کیلئے حکومت کوشاں

   

Ferty9 Clinic

پداپلی میں منعقدہ اجلاس سے ضلع کلکٹر ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا کا خطاب

پداپلی۔ ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے کہا کہ خواتین پر ہورہے تشدد کے خلاف حکومت سخت نوٹ لے رہی ہے اور اس کے انسداد کے لئے کوشاں ہے۔اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات لینے کی انھوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی۔ خواتین کے تحفظ پر ضلع کلکٹرنے ضلع سطحی رابطہ کمیٹی کے ہمراہ کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جہیز کے لئے ہراساں ، گھریلو تشدد،جنسی تشدد، لڑکیوں کی اسمگلنگ، کام کرنے کی جگہ پر تشدد جیسے مسائل کا سامنا کرنے والی خواتین کو تحفظ ، رہنمائی اور قانونی مشاورت کی فراہمی کے لئے سکھی سنٹرکا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس موقع پر پی پی ٹی کے ذریعہ تفصیلات بیان کرتے ہوئے عہدیداروں نے کہا کہ ضلع میں تا حال 10 سائبر جرائم، 5 جہیز سے متعلقہ کیسس ، 422 گھریلو تشدد سے متعلقہ کیسس،3 ذہنی دباؤ سے متعلقہ کیسس، 26 لاپتہ کیسس ، 5 جنسی تشدد سے متعلقہ کیسس، 5 پوسکو کیسس، 6 بچپن کی شادی سے متعلقہ کیسس اور 45 دیگر کیسس ، جملہ 527 کیسس درج ہوئے ہیں۔جن میں اب تک 445 کیسس حل کئے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے خواتین کے لئے قائم کردہ ہیلپ لائن نمبر 181 سے متعلق عوام میں آگاہی فراہم کرنے، سماجی میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے اس پر وسیع پیمانے میں تشہیر کرنے کی ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ڈی سی پی رویندر، ضلع ویلفیر آفیسر رؤف خان، ضلعی عہدیدار برائے دیہی ترقی شریدھر، ضلع پنچایت آفیسر چندرا مولی، ضلعی عہدیدار برائے طب و صحت ڈاکٹر پرمود کمار، ضلع مہتمم تعلیمات مادھوی، متعلقہ عہدیداران وغیرہ نے اس اجلاس میں شرکت کی۔