خواتین کو مفت بس سفر کیلئے آئندہ ماہ اسمارٹ کارڈس کی اجرائی

   

تلنگانہ آر ٹی سی کے ایم ڈی ناگی ریڈی کا بیان، تین نمونے تیار ہونے کا دعویٰ

حیدرآباد ۔ 18 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے ریاست میں خواتین کیلئے جاری مفت سفر کی اسکیم کو شفاف بنانے کیلئے آئندہ ماہ سے اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر ناگی ریڈی نے یہ بات بتائی۔ ایک نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض دیگر ریاستوں کی خواتین مبینہ طور پر تلنگانہ کے پتوں (ایڈرس) کے ساتھ فرضی آدھار کارڈ بنا کر اس اسکیم سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ اس صورتحال کی روک تھام اور مستحقین کی درست شناخت کیلئے اسمارٹ کارڈ متعارف کرائے جارہے ہیں۔ ناگی ریڈی نے بتایا کہ اسمارٹ کارڈ کے تین نمونہ ڈیزائن تیار ہوچکے ہیں جن میں سے ایک کو حکومت حتمی منظوری دے گی۔ اسمارٹ کارڈ کے نفاذ کے بعد ٹکٹ جاری کرنے کا عمل بھی آسان اور تیز ہوجائے گا۔ تلنگانہ آر ٹی سی کے ایم ڈی ناگی ریڈی نے کہا کہ گرمیوں کی تعطیلات کے پیش نظر یکم ؍ جنوری سے اے سی اور دیگر لگژری بسوں میں رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان بسوں کے کرایوں کو ایکسپریس بسوں کے کرایوں کے برابر لانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ مسافروں کو زیادہ سہولت مل سکے۔ اس کے علاوہ حکومت نے آلودگی پر قابو پانے کیلئے اندرون آوٹر رنگ روڈ الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایم ای ڈرائیو کے تحت جلد ہی ریاست میں 2000 نئی بسیں شامل کی جائیں گی جس سے عوامی ٹرانسپورٹ کو مزید مضبوطی ملے گی۔ ناگی ریڈی نے بتایا کہ اسمارٹ کارڈ نظام سے نہ صرف خواتین کو سہولت ملے گی بلکہ اسکیم کے غلط استعمال پر بھی قابو پایا جاسکے گا جبکہ رعایتی اور الیکٹرک بسوں کے اضافے سے عوامی سفر مزید آرام دہ اور ماحول دوست بننے کی امید ہے۔2