نارائن پیٹ میں یوم خواتین پروگرام ، رکن اسمبلی کا خطاب
نارائن پیٹ : نارائن پیٹ ضلع مستقر پر آج عالمی یوم خواتین کے موقع پر سنگارم چوراہا کہ پاس ٹی آر ایس بھون پارٹی آفس کے وسیع و عریض ہال میں رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی نے خواتین کے ایک بڑے اجتماع کو جس میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے خواتین کو عالمی یوم خواتین کی مبارکباد پیش کی ۔ انھوں نے کہاکہ ریاست کی خواتین اپنے اپنے مقامات پر ترقیاتی کاموں میں شانہ بہ شانہ کام کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طورپر نبھارہی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ غریب لڑکیوں کی شادی کے لئے کلیانہ لکشمی اور شادی مبارک اسکیم سے ریاست کی دس لاکھ لڑکیاں استفادہ کی ہیں۔ حاملہ خواتین کو اُن کی زچگی کے بعد 11 لاکھ کے سی آر کٹ تقسیم کئے گئے ۔ انھوں نے کہاکہ بچیوں کی پیدائش سے پہلے اور پڑھائی کے علاوہ سن بلوغ کو پہنچنے کے بعد شادی کا انتظام اور بیوہ یا بوڑھے ہونے پر وظائف کی اجرائی یہ وہ کارنامے ہیں جس کی مثال ملک کی دیگر ریاستوں میں مشکل سے ملتی ہے ۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے جات سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ایوارڈ اور اعزازات سے نوازا گیا ۔