خواتین کے تحفظ کیلئے سخت قوانین کا مطالبہ ،عآپ کا مظاہرہ

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) نے چہارشنبہ کو یہاں احتجاج کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے کولکاتہ، مغربی بنگال سمیت ملک بھر میں خواتین کو انصاف فراہم کرنے کے لئے سخت قانون بنانے کا مطالبہ کیا۔عآپ کی خواتین ونگ نے خواتین پر مظالم اور عصمت دری کے واقعات کے خلاف احتجاج کیا اور قومی دارالحکومت دہلی میں واقع راج گھاٹ پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی کے مقام پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے متاثرہ خواتین کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔ اس دوران ہندوستان خواتین پر مظالم برداشت نہیں کرے گا، قاتل کو پھانسی دو، ملک کی بیٹی کو انصاف دو جیسے نعرے لگائے گئے ۔آپ کی خواتین ونگ کی صدر ساریکا چودھری نے کہا کہ ملک میں جس طرح سے خواتین کے خلاف واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے اس سے ہمیں بہت دکھ ہوا ہے ۔ چاہے یہ مغربی بنگال، اتراکھنڈ، اتر پردیش، بہار یا ملک کے کسی اور حصے میں ہو رہا ہو۔ ہم روز اخبار میں عصمت دری کی خبریں پڑھتے ہیں۔ آج چھوٹی بچیوں کی بھی عصمت دری ہو رہی ہے ۔ مرکزی حکومت کو اس پر سخت قانون بنانا چاہیے ۔ بچوں کے خلاف ایسے گھناؤنے جرائم کرنے والوں کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے ، اور جلد از جلد فاسٹ ٹریک کورٹ میں اس سے نمٹا جانا چاہیے ۔ خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے پولیس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے ۔ مجرموں کو چھ ماہ کے اندر سزائے موت دی جائے ۔