آر ٹی سی ہڑتال کی تائید، سماجی جہد کار سندھیا کا بیان
حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) خواتین کی تنظیم پی او ڈبلیو کی ریاستی صدر اور سماجی جہد کار سندھیا نے الزام عائد کیا کہ حکومت طاقت کے ذریعہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کو کچلنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین مطالبات کی یکسوئی کیلئے احتجاج کررہے تھے تو اس وقت پولیس نے خواتین کے ساتھ ناشائستہ رویہ اختیار کیا اور اس طرح پٹائی کی گئی کہ کئی خواتین کے کپڑے پھٹ گئے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی بھون کا گھیراؤ کرنے کیلئے ملازمین کے ساتھ ان کے ارکان خاندن بھی پہنچے تھے۔ خواتین کی تنظیموں کے علاوہ تلنگانہ جنا سمیتی، سی پی آئی اور جہد کاروں نے احتجاج سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے خود کو گرفتاری کیلئے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے احتجاج کو روکنے کیلئے غیر انسانی رویہ اختیار کیا۔ سندھیا نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول کیلئے آر ٹی سی ملازمین کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ چیف منسٹر نے آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج اس وعدہ سے انحراف کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کو برطرف کرنے کا حکومت کو حق حاصل نہیں ہے اور انہیں تنخواہوں کی ادائیگی کے علاوہ طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔