خواتین کے لیے خصوصی بیت الخلائیں تعمیر کرنے کی تجویز

   

آئندہ ماہ منصوبہ پر عمل ، جی ایچ ایم سی کا اقدام
حیدرآباد ۔ 26 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی ) نے شہر حیدرآباد میں خواتین کے لیے خصوصی طور پر 75 ٹائیلٹس ( بیت الخلائیں ) تعمیر کرنے کے لیے منصوبہ جات مرتب کئے ۔ خواتین کے لیے علحدہ ٹائیلٹس نہ رہنے کی وجہ سے سخت مشکلات سے دوچار ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کے ذرائع کے مطابق جی ایچ ایم سی کی جانب سے فی الوقت شہر میں 300 بیت الخلائیں قائم ہیں ۔ لیکن ان سے استفادہ کرنے سے خواتین گریز کررہی ہیں جس کے پیش نظر علحدہ بیت الخلائیں تعمیر کر کے ان ٹائیلٹس کو چلانے کے لیے خواتین کو ہی تعینات کرنے کا جی ایچ ایم سی نے فیصلہ کیا ہے ۔ حیدرآباد میں فی زون میں دس کے حساب سے جملہ 60 ٹائیلٹس تعمیر کرنے کے علاوہ فی زون 3 کے حساب سے جملہ 15 موبائل ٹائیلٹس قائم کئے جائیں گے ۔ آئندہ ایک ماہ کے دوران جملہ 75 ٹائیلٹس کا قیام عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ہر ایک موبائل ٹائیلٹ کے لیے دس لاکھ روپئے اور تعمیر کئے جانے والے فی ٹائیلٹ کے لیے 12 لاکھ روپئے کے مصارف عائد ہوں گے ۔ سی ایس آر کے تحت رقومات فراہم کرنے کے لیے کئی عطیہ دینے والے افراد نے پہل کی ہے اور اس طرح متعلقہ عہدیداران گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن خواتین کے لیے خصوصی طور پر علحدہ بیت الخلاؤں کی تعمیر وغیرہ کیلئے موثر اقدامات کررہے ہیں ۔۔