یوم جمہوریہ پر صدر دروپدی مرمو کا قوم سے خطاب
نئی دہلی۔ 25 جنوری (ایجنسیز) صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے اتوار کے روز یومِ جمہوریہ کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’آتم نربھرتا‘ (خود انحصاری) اور ’سوَدیشی‘ ہندوستان کے معاشی مستقبل کی تشکیل کیلئے رہنما اصول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان، کاروباری افراد، کھلاڑی، سائنسدان اور پیشہ ور افراد ملک کو نئی توانائی فراہم کر رہے ہیں اور عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کر رہے ہیں۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی نوجوان آبادی والا ملک ہے اور یہاں کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کی امنگوں پر مبنی پالیسیاں اور پروگرام ملک کی ترقی کو نئی رفتار دیں گے اور وِکست بھارت 2047 کے ہدف کے حصول میں نوجوان کلیدی کردار ادا کریں گے۔صدر مرمو نے اپنے خطاب میں آئین ہند کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا آئین دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی جمہوریت کی بنیادی دستاویز ہے۔ آئین میں شامل انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کے اصول ہماری جمہوریت کی پہچان ہیں۔ آئین سازوں نے آئینی دفعات کے ذریعے قوم پرستی اور قومی یکجہتی کی مضبوط بنیاد فراہم کی۔ انہوں نے عظیم شاعر سبرامنیا بھارتی، بنگال کے بنکم چندر چٹرجی اور سری اروِندو کی خدمات کا بھی ذکر کیا۔صدر مرمو نے نیتاجی سبھاش چندر بوس کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نعرہ ’جے ہند‘ قومی فخر کا اعلان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیتاجی کی یومِ پیدائش کو 2021 سے ’پراکرَم دیوس‘ کے طور پر منایا جا رہا ہے تاکہ نوجوان ان کی بے مثال حب الوطنی سے تحریک حاصل کر سکیں۔صدر جمہوریہ نے مسلح افواج، پولیس اور نیم فوجی دستوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تینوں افواج مادرِ وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت چوکس ہیں۔ انہوں نے کسانوں، ڈاکٹروں، نرسوں، صحت کارکنوں، صفائی ملازمین، اساتذہ، سائنسدانوں، انجینئروں اور مزدوروں کی خدمات کو بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی خواتین مختلف شعبوں میں نئے معیار قائم کر رہی ہیں۔صدر مرمو نے قومی یومِ رائے دہندگان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ باباصاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا ماننا تھا کہ ووٹ کا حق سیاسی شعور کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے ووٹرز بالخصوص خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت جمہوریت کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔اپنے خطاب میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ دفاع کے شعبے میں ہندوستان کی خود انحصاری نے اس آپریشن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور عوام کو ملک کی دفاعی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ جمہوریہ ہمیں حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔