’خود وزیراعظم مودی ہی فضائی حملوں پر سوال اُٹھارہے ہیں‘

   

رافیل ہوتے تو نتائج کچھ اور ہوتے ریمارک کا مطلب کیا ہے : کانگریس کا سوال

نئی دہلی 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے دعویٰ کیاکہ خود وزیراعظم نریندر مودی ہی اپنے بعض ریمارکس کے ذریعہ پاکستان میں کئے گئے حالیہ فضائی حملوں کے بارے میں سوالات اُٹھارہے ہیں کہ ملک رافیل طیاروں کی کمی محسوس کررہا ہے۔ ہندوستان کے پاس اگر رافیل جنگی طیارے ہوتے تو نتیجہ کچھ اور نکلتا تھا۔ کانگریس نے کہاکہ فضائی حملوں کے بارے میں وہ (کانگریس) کبھی کوئی ثبوت نہیں مانگی اور نہ اب مانگ رہی ہے۔ کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’وزیراعظم خود ان فضائی حملوں کے بارے میں سوال اُٹھارہے ہیں۔ اُنھوں نے (نریندر مودی) نے کہا تھا کہ اگر (انڈین ایر فورس) کے پاس رافیل جیٹ ہوتے تو نتیجہ کچھ اور ہوتا تھا۔ اس بات کا مطلب کیا ہوتا ہے؟‘ انڈین ایرفورس میں فرانسیسی ساختہ جنگی طیاروں کی شمولیت کے لئے تاخیر پر خود وزیراعظم مودی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے منیش تیواری نے کہاکہ اُنھوں نے قبل ازیں طے شدہ بات چیت کو کالعدم اور منسوخ کردیا تھا۔ وزیراعظم مودی نے انڈیا ٹوڈے کانکلیو سے کہا تھا کہ ’ہندوستان رافیل طیاروں کی کمی محسوس کررہا ہے۔ سارا ملک بیک آواز ہوکر کہہ رہا ہے کہ آج اگر رافیل طیارے ہوتے تو نتائج کچھ اور ہوتے تھے۔ خود غرضی اور مفاد پرستی کے سبب ملک کو بھاری نقصان ہوا ہے‘‘۔ وزیراعظم کے اس ریمارک کے جواب میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹر میں لکھا تھا کہ ’’عزیز وزیراعظم، کیا آپ کو بالکل کوئی شرم ہی نہیں ہے۔ آپ نے 30,000 کروڑ روپئے چوری کرتے ہوئے اپنے دوست انیل امبانی کو دیدیا۔ رافیل جٹس کے پہونچنے میں تاخیر کے لئے خود آپ ہی واحد قطعی ذمہ دار ہیں۔ قدیم ازکار رفتہ طیاروں کی پرواز کے ذریعہ انڈین ایرفورس کے ونگ کمانڈر ابھینندن جیسے بہادر پائلٹس کی زندگیوں کو آپ آخر کیوں خطرہ میں ڈال رہے ہیں‘‘۔