حیدرآباد 26 نومبر ( سیاست نیوز ) سابق وزیراعلی اے پی و تلگودیشم کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو نے امراوتی کو شمشان سے تعبیر کرنے پر وزیربلدی نظم ونسق بوتسا ستیہ نارائنا پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔نائیڈو نے منگل کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہاوزیر بوتسا ستیہ نارائنا نے دارالحکومت کے شہر کو شمشان سے تعبیر کیا جو ناخوشگوار اور ناقابل معافی ہے ۔اگر آپ اپنے دارالحکومت کے شہر کا احترام نہیں کرسکتے تو کم از کم کسانوں کا تو احترام کیجئے جنہوں نے اپنی اراضی اس کیلئے دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے عوام بہترین دارالحکومت کا شہر دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دور میں دارالحکومت کے شہر کی تعمیر کے کام 52,000کروڑ روپئے کے صرفہ سے ہوئے تھے ۔انہوں نے کہایہاں تک کہ ہمارے دشمن نے بھی دارالحکومت کے شہر کو شمشان سے تعبیر نہیں کیا۔یہ ان کسانوں کی قربانیوں کی توہین ہے جنہوں نے امراوتی کی تعمیر کیلئے اپنی اراضیات دی ہیں۔سابق وزیراعلی نے کہا یونیورسٹیز ، ہائی کورٹ ، اسمبلی اور سکریٹریٹ کی عمارتیں دارالحکومت کے علاقہ میں تعمیر کی گئی ہیں۔کیا یہ تمام ادارے آپ کو شمشان نظر آتے ہیں۔