دارالعلوم دیوبندکا نمائندہ اجلاس :ذمے داران مدارس سے سروے میں تعاون کی اپیل،دارالعلوم دیوبند میں آئندہ سال سے ہائی اسکول تک کا نصاب شامل کیا جائے گا:مولانا ارشد مدنی

   

دیوبند: اترپردیش میں سرکار کے ذریعے غیر سرکاری مدارس کے سروے کے حکم کے بعد سے پیدا شدہ حالات کا جائزہ لینے اور اس حوالے سے غور و فکر و کے بعد مناسب فیصلہ کرنے کے مقصد سے کل دارالعلوم دیوبند نے اہل مدارس کا ایک نمائندہ اجلاس منعقد کیا تھا جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے۔اس اجلاس میں سروے کے تئیں رضامندی کے اظہار کے ساتھ مدارس کے نظام کو بہتر کرنے پر زور دیاگیا ۔د ارالعلوم دیوبند نے اجلاس کے بعد ایک اعلامیہ جاری کرکے اجلاس کے فیصلوں کی اطلاع دی ہے۔اس اعلامیے میں ہندوستانی معاشرے میں مدارس کے کردار،خصوصاً جنگ آزادی میں علما کی حصے داری وغیرہ پر روشنی ڈالنے کے بعد کہا گیا ہے کہ’یہ اجلاس ، تمام مدارس اسلامیہ سے اپیل کرتا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہونے والے حالیہ سروے کے عمل سے خوف یا ذہنی انتشار کا شکار نہ ہوں ، نہ کسی جذباتیت کا مظاہرہ کریں ، بلکہ اس کو ایک ضابطہ کی کارروائی سمجھتے ہوۓ تعاون کا طرز عمل اختیار کر یں۔