داغ دہلوی فاؤنڈیشن کا افتتاح و کل ہند مشاعرہ

   

حیدرآباد۔16 اکٹوبر (پریس نوٹ ) کُل ہند داغ دہلوی فاؤنڈیشن کی افتتاحی تقریب و کل ہند مشاعرے 15اکٹوبر کو رویندرا بھارتی تھیٹر میں انعقاد عمل میں آیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ نے داغ دہلوی فاؤنڈیشن کے قیام پر سید مسکین احمد صدر داغ دہلوی فاؤنڈیشن کو مبارکباد دی اور ان کی اردو کے کاز کیلئے کی جارہی خدمات کی ستائش کی اور داغ دہلوی کے نام معنون سالانہ تقریبات و مشاعرے کیلئے سرکاری تعاون کرنے کا یقین دلایا ۔قبل ازیں محمد محمود علی ، رحیم الدین انصاری ودیگر مہمانان نے شمع روشن کر کے فاؤنڈیشن کا افتتاح انجام دیا ۔ پروفیسر ایس اے شکور ، عثمان شہید ایڈوکیٹ ، مشتاق ملک ، منہاج احمد خان نے مہمانان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ ابتداء میں سید مسکین احمد صدر فاؤنڈیشن نے خیرمقدمی تقریر کی اور عالمی سطح پر دہلوی فاؤنڈیشن کی پذیرائی کی جارہی ہے ۔ افتتاحی تقریب کی صدارت محمد رحیم الدین انصاری نے کی ۔ شاعر سیف نظامی نے داغ کی شاعری اور زندگی کے مختلف پہلوؤں پر اجمالی روشنی ڈالی اور طرحی غزل کے انعامی مقابلے میں حصہ لینے والے شعراء انعام اول طاہرگلشن آبادی اور انعام دوم الہام واحدی کے ناموں کا اعلان کیا اور انہیں مہمانوں کے ہاتھوں انعامات سے نوازا گیا ۔ رحیم الدین انصاری صدرنشین اردو اکیڈیمی نے اب داغ پر بھی کام کرنے کا یقین دلایا ۔ بعد ازاں شاعر حضرت شرف الدین خان بقاء کی صدارت میں مشاعرہ منعقد ہوا ۔ مہمان شعراء میں کلیم قیصر ، شکیل جمالی ، شمس تبریزی ، رحمن مصور ، شریمتی سویتا اسیم ، حامد بھساولی ، میزبان شعراء میں صدر مشاعرہ کے علاوہ ڈاکٹر محسن جلگانوی ، ڈاکٹر فاروق شکیل ، سردار سلیم ، اسد الرحمن ، راجو دوا اور سیف نظامی نے کلام سناکر سامعین سے داد و تحسین حاصل کی ۔ باذوق خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ رات دیر گئے شیخ نعیم کے شکریہ پر مشاعرے کا اختتام عمل میں آیا ۔