داماد کو قتل کیلئے دیئے گئے زہر سے بیٹی کی خودکشی،تین افراد بشمول ماں گرفتار

   

حیدرآباد : روشن مستقبل کا لالچ دے کر شوہر کو قتل کرنے کا بیٹی پر دباؤ ڈالنا ایک خاتون اور اس کے بھائی کیلئے مہنگا ثابت ہوا۔ بیٹی سے بھائی کی شادی کروانے کی اس خاتون کی خواہش پوری نہیں ہوئی اور وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے چلی گئی جبکہ افسوس کہ اس سازش میں اس خاتون کی بیٹی فوت ہوگئی جو زہر راملواماں نے اپنی بیٹی کو دیا تھا داماد کو کھلانے کے لئے بیٹی نے خود استعمال کرلیا۔ نریڈمیٹ پولیس کی جانب سے ایک خاتون کی خودکشی کے واقعہ کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا۔ پولیس نے 45 سالہ راملواماں اور اس کے بھائی 29 سالہ پلا راؤ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نریڈمیٹ چند روز قبل ہوئے گائتری خودکشی واقعہ میں تحقیقات کررہی تھی۔ گائتری اور سائلا راؤ کی شادی 2 سال قبل ہوئی۔ یہ خاتون ریاست آندھراپردیش کے ضلع کرشنا سے تعلق رکھتی ہے۔ سائلا راؤ شادی کے چند روز بعد حیدرآباد منتقل ہوگیا تھا اور نریڈمیٹ کے علاقہ میں بیوی کے ساتھ زندگی بسر کررہا تھا۔ پولیس کے مطابق سائلا راؤ سے بیٹی کی شادی راملو اماں کو پسند نہیں تھی۔ راملو اماں اپنی بیٹی کی شادی اپنے بھائی پلا راؤ سے کروانا چاہتی تھی لیکن گائتری کی شادی سائیلا راؤ سے ہوگئی۔ راملو اماں نے بیٹی سے کہاکہ شوہر کے ساتھ اس کی زندگی مسائل بھری ہے لہذا اس کو چھوڑ کر پلا راؤ سے شادی کرلے۔ بیٹی کو روشن مستقبل کا لالچ دینے کے بعد اس خاتون نے اس کے بھائی کو بیٹی کے گھر روزانہ چکر لگانے کا مشورہ دیا۔ گزشتہ ماہ یہ خاندان ان کے آبائی مقام گیا تھا جہاں گائتری کی ذہن سازی کی گئی اور اس کو زہر دیا گیا اور یہ زہر شوہر کو کھلانے کے لئے کہا گیا۔ لیکن گائتری نے ایسا نہیں کیا۔ جیسے جیسے وقت گزرتا گیا ماں اور ماموں کی جانب سے گائتری پر دباؤ بڑھ گیا۔ اور سازش پر عمل کرنے کے لئے اسے ہراساں کیا جارہا تھا۔ پلا راؤ کی بیوی اس کو چھوڑ کر چلی گئی تھی اور اس کی بہن راملواماں اپنے بھائی کا گھر بسانے کے لئے بیٹی کی زندگی تباہ کرنے پر تلی ہوئی تھی۔ شوہر کی محبت کے آگے بے بس گائتری ماں اور ماموں کی جانب سے دیئے گئے زہر کا خود استعمال کرلیا اور فوت ہوگئی لیکن اس نے ماں اور ماموں کی اصلیت کو خودکشی نوٹ میں تحریر کیا۔ پولیس نریڈ میٹ تحقیقات کررہی ہے۔