دانتوں کے غیر ضروری علاج پر 31مارچ تک پابندی

   

تلنگانہ اسٹیٹ ڈینٹل کونسل کی ڈاکٹروں کو ہدایت: ڈاکٹر وکاس گوڑ
حیدرآباد۔/18 مارچ، ( رتنا چوٹرانی ) تلنگانہ اسٹیٹ ڈینٹل کونسل نے تمام ڈنٹسٹس کو مشورہ دیا ہے کہ کووڈ ۔19 ( کورونا وئرس ) کو پھیلنے سے روکنے کے لئے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے تحت دانتوں کی سرجری اور متعلقہ عمل کو کم سے کم تین ہفتوں کے لئے فوری طور پر روک دیں۔ انڈین ڈینٹل اسوی ایشن کے رکن وکاس گوڑ نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انڈین ڈینٹل اسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ مشاورتی نوٹ کے بعد یہ اپیل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ریاستوں میں حکومت کی جانب سے دانتوں کے علاج پر پابندی کے نفاذ پر غور کیا جارہا ہے کیونکہ یہ غیرضروری طبی خدمات ہیں۔ دانتوں کے علاج کی خاطر ڈاکٹر کو مریض کے قریب تک پہنچنا ہوتا ہے جس سے ڈاکٹر کے کسی وائرس سے متاثر ہونے کے قوی اندیشے رہتے ہیں۔ چنانچہ مریضوں کو صرف بہت ہی ناگزیر صورت میں ڈاکٹروں سے رجوع ہونا چاہیئے۔ ڈاکٹر وکاس گوڑ نے کہا ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ ڈینٹل کونسل کی پابندیاں 31 مارچ تک برقرار رہیں گی۔ فورم فار بیٹر ڈنٹسٹری کے جوائنٹ سکریٹری ڈکٹر سنیل کمار پٹھاوار نے کہا کہ مشاورتی نوٹ میں تمام ڈنٹسٹ سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری علاج سے گریز کریں۔