دبئی اور اسرائیل کی بنکنگ اور مالیاتی شعبے میں مشترکہ کمیٹی

,

   

دبئی ۔متحدہ عرب امارات اوراسرائیل نے بینکنگ اور مالیاتی شعبے میں تعاون کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے پراتفاق کیا ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔متحدہ عرب امارات کے مرکزی بنک کے گورنر عبدالحمید سعید الحامدی اور اسرائیلی وزیراعظم کے آفس کے ڈائریکٹر جنرل رونین بیرتس نے مستقبل میں بنکنگ اور مالیاتی شعبے میں تعاون کیلیے مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کیے ہیں۔امارات کی خبررساں ایجنسی وام کے مطابق ابوظہبی میں فریقین کے درمیان ہونے والے اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان بینکنگ سہو لتوں کے قیام کے لیے ورکنگ گروپ اور دوطرفہ کمیٹیاں بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔یادداشت باہمی مفاہمت پر دستخط کے موقع پراسرائیل کے مشیر قومی سلامتی و سربراہ قومی سلامتی کونسل میئر بن شبات بھی موجود تھے۔
میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے نمائندوں نے سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالیاتی خدمات کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے لیے مالی رکاوٹوںکو دور کرنے کے ساتھ کیپیٹل مارکیٹ میں مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک بینکاری خدمات اور ادائیگی کے ضوابط میں بھی تعاون کریں گے۔