دبئی ۔ متحدہ عرب امارات (دبئی) میں پاکستان قونصل خانے نے کہا ہے کہ دبئی ایرپورٹ کے دو مختلف ٹرمینلز پر 304 پاکستانیوں کو روک لیا گیا ہے۔جمعرات کو پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ روکے جانے والے تمام پاکستانی وزٹ (سیاحتی) ویزا پر دبئی پہنچے ہیں۔ دبئی پہنچنے والے کچھ مسافروں کے پاس واپسی کے ٹکٹ نہیں توکچھ کے پاس ہوٹل بکنگ نہیں ہے۔قونصل خانے کے مطابق متعدد پاکستانی مسافروں کے پاس دبئی میں قیام کے اخراجات بھی نہیں ہیں۔پاکستان قونصل خانے نے بتایا کہ اماراتی حکام سے پاکستانی مسافروں کے دبئی میں داخلے کی اجازت کے لیے بات کر رہے ہیں۔اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ لاہور سے دبئی جانے والے 200 پاکستانی دبئی ایر پورٹ پر پھنس گئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر دبئی میں پھنسنے والے 200 پاکستانی وزٹ ویزے پر دبئی پہنچے تھے۔ پاکستان قونصل خانہ دبئی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وہ پاکستانیوں کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔دوسری جانب ٹریول ایجنٹس نے کہا ہے کہ متحدہ عرب میں وزٹ ویزا پر دبئی میں داخل ہونے کے لیے مسافروں کے پاس 2 ہزار درہم لازمی ہونے کی شرط ہے۔