دبئی ۔ دبئی محکمہ صحت نے موسمی انفلوئنزا ویکسین کی قیمت 50 درہم مقررکی ہے۔ انتظامی فیس بھی اس میں شامل ہے۔ دبئی محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل حمید محمد القطامی نے تمام دواخانوں اور ہیلتھ سینٹرزکو تحریری طور پر پابند بنادیا ہے کہ وہ موسمی انفلوئنزا ویکسین پچاس درہم میں مہیا کریں۔ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ دبئی میں موجود تمام لوگ موسمی انفلوئنزا ویکسین آسانی سے لگوا سکیں۔ دبئی محکمہ صحت نے حال ہی میں موسمی انفلوئنزا ویکسین کی افادیت سے عوام کو آگاہ کرنے کے لیے میڈیا مہم شروع کی تھی۔ عوام کو بتایا جا رہا ہے کہ موسمی انفلوئنزا سے کون لوگ زیادہ متاثر ہوں گے اور انہیں یہ ویکسین لینا کیوں ضروری ہے۔ محکمہ صحت نے ابتدائی طبی نگہداشت کے مختلف مراکز میں انفلوئنزا ویکسین معقول مقدار میں مہیا کردی ہے۔ دبئی محکمہ صحت نے اطمینان دلایا ہے کہ انفلوئنزا ویکسین بے ضرر ہے۔ یہ ویکسین لینے والے موسمی انفلوئنزا سے بڑی حد تک محفوظ ہوجاتے ہیں۔ دبئی محکمہ صحت نے اطمینان دلایا ہے کہ یہ ویکسین مقامی شہریوں، 65 برس سے زیادہ عمرکے تارکین وطن، حاملہ خواتین، 5 برس سے کم عمر کے بچوں اور انفلوئنزا کے اثرات سے زیادہ متاثر ہونے والے زمروں میں شامل افراد کے لیے مفت ہے۔یاد رہے کہ کورونا کے علاوہ موسمی امراض پر قابو پانے کیلئے یہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔