نئی دہلی/دبئی: دبئی کے عظیم الشان عالمی مشاعرے میں مشہور ہندوستانی شاعرہ فوزیہ رباب نے شرکت کی۔ جہاں ہزاروں کی تعداد میں شریک سامعین نے ان کے کلام کی غیرمعمولی پذیرائی کی۔ گوا سے تعلق رکھنے والی مشہور شاعرہ، معروف ادبی و تعلیمی تنظیم رباب فاؤنڈیشن کی بانی صدر فوزیہ رباب کی محبت اور سماجی حسیت سے بھرپور شاعری کو وہاں موجود سخن فہم سامعین نے داد و تحسین نواز۔ فوزیہ رباب گزشتہ دو برسوں سے اپنی تنظیم ‘رباب فاؤنڈیشن’ کے تحت اردو تعلیم کے حوالے سے مختلف آنلائن کورسز چلا رہی ہیں۔ رباب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اردو لرننگ کلاسز، شاعری آموزش، غالب کلاسز، میر کلاسز، مشق سخن اور ایڈوانس اردو کلاسز کے درجنوں بیچز مکمل ہوچکے ہیں۔ ان کلاسز سے ہندوستان کے مختلف شہروں کے علاوہ خلیجی ممالک، یوروپی ممالک، امریکہ اور کناڈا وغیرہ میں مقیم مختلف معزز پیشوں سے وابستہ افراد مستفید ہوتے ہیں۔