درد دینے والے دوا نہیں دے سکتے، کیشو پر اکھلیش کا طنز

   

لکھنو: ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ پر اسسٹنٹ ٹیچرس کی بھرتی کے تعلق سے الہ آباد ہائیکورٹ کے احکام پر ان کے ریمارکس کیلئے بظاہر طنز میںسماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے اتوار کے دن کہا کہ درد دینے والوں کو دوا دینے کا دعویٰ نہیں کرنا چاہیئے ۔ایکس پر ہندی میں پوسٹ میں سماج وادی پارٹی صدر نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر اس حکومت کا حصہ ہے جس نے نوجوانوں کا ریزرویشن چھین لیا ۔ طویل لڑائی کے بعد نوجوانوں کو جب انصاف ملا تو ڈپٹی چیف منسٹر خود کو ان کا ہمدرد بتانے کیلئے آگے اگئے ۔الہ آباد ہائیکورٹ نے حکومت اترپردیش کو ہدایت دی ہے کہ 69 ہزار اسسٹنٹ ٹیچرس کے تقرر کی تازہ سلیکشن لسٹ اندرون 3 ماہ تیار کی جائے ۔ اُس نے جون 2020 اور جنوری 2024 میں جاری فہرستوں کو رد کردیا ۔ ایکس پر پوسٹ میں کیشو پرساد موریہ نے ہفتہ کے دن کہا تھا کہ الہ آباد ہائیکورٹ کا حکم سماجی انصاف کیلئے خوش آئند اقدام ہے ۔ یہ ان پسماندہ زمرے کے لوگوں اور دلتوں کی جیت ہے جنہوں نے اپنے حقوق کیلئے طویل لڑائی لڑی ۔ اکھلیش یادو نے موریہ پر الزام عائد کیا کہ وہ سیاسی کارڈکھیل رہے ہیں ۔ درد دینے والوں کو دوا دینے کا دعویٰ نہیں کرنا چاہیئے ۔ بی جے پی کو چاہیئے کہ وہ تعلیم اور نوجوانوں کو اندرونی جھگڑوں اور منفی سیاست سے دور رکھے ۔