درگاہ یوسفینؒ کے سابق متولی و سجادہ نشین فیصل علی شاہ کی خودکشی

   

حیدرآباد : درگاہ حضرت یوسفینؒ کے سابقہ متولی جناب فیصل علی شاہ نے درگاہ کے قریب واقع اپنے کمرے میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق سابقہ متولی کے خادم عرفان نے آج صبح فیصل علی شاہ کے کمرہ کا دروازہ کھولنے پر ان کی نعش چھت سے لٹکی ہوئی گئی ۔ اس نے متوفی کے ارکان خاندان کو اطلاع دی جس کے نتیجہ میں حبیب نگر پولیس کو اس سلسلے میں آگاہ کیا گیا ۔ پولیس کی ایک ٹیم فوری وہاں پہونچ گئی اور نعش کو نیچے اتار کر اسے بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مقام واردات پر پولیس کو ایک سیڑھی دستیاب ہوئی اور سمجھا جاتا ہے کہ اس سیڑھی کے ذریعہ چڑھ کر سابقہ متولی نے پھانسی لے لی ۔ انسپکٹر حبیب نگر پی شیوا چندرا نے میڈیا کو بتایا کہ متوفی کی اہلیہ کے مطابق وہ گزشتہ چند دنوں سے علیل تھے اور معاشی پریشانیوں سے بھی دوچار تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں مشتبہ حالت میں موت واقع ہونے کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور بتایا کہ اس کیس کی ہر زاویہ سے تحقیقات کی جائے گی ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ فیصل علی شاہ گزشتہ کئی دنوں سے درگاہ سے متصل اپنے کمرے میں مقیم تھے اور گزشتہ ایک ہفتہ سے کم افراد سے ملاقات کررہے تھے ۔ واضح رہے کہ سابقہ متولی کے خلاف اگست 2019 ء میں درگاہ حضرت یوسفینؒ کے عرس کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس کے سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کیا تھا اور اکٹوبر میں بھی ان کے خلاف ایک شخص کو زدوکوب کرنے کے الزام میں بھی حبیب نگرپولیس نے مقدمہ درج کیا تھا ۔ محمد فیصل علی شاہ کو اگست 2015 ء میں متولی کے عہدہ سے برطرف کردیا گیا تھا اور تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے ان کے خلاف تحقیقات کا بھی آغاز کیا گیا تھا ۔ سابقہ متولی کی نعش کو بعد پوسٹ مارٹم ورثا ء کے حوالے کردیا گیا اور ان کی تدفین درگاہ حضرت یوسفینؒ میں عمل میں آئی ۔