دسویں کے طلبہ کیلئے کے ٹی آر کا تحفہ، کامیابی کیلئے نیک تمنائیں

   

گمبھی راوپیٹ،سرسلہ، 6مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے پیش نظر سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے لیے بی آر ایس کے ورکنگ پریزیڈنٹ و حلقہ اسمبلی سرسلہ سے نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی کے ٹی آر کی جانب سے خصوصی تحفہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ ’گفٹ اے اسمائل‘ پروگرام کے تحت ہر سال کی طرح اس سال بھی طلبہ کو امتحانات کے لیے ضروری سامان فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔اس مرتبہ سرسلہ حلقہ کے مجموعی طور پر 3,171 طلبہ کو امتحانی سامان فراہم کیا جائے گا۔ اس سامان میں امتحان کے دوران استعمال ہونے والے ایگزام پَیڈ اور قلم شامل ہیں، جن کی تقسیم کا آغاز آج سے کیا جا رہا ہے۔کے ٹی آر نے اس موقع پر دسویں جماعت کے طلبہ کو پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اعتماد کے ساتھ اور بغیر کسی دباؤ کے امتحانات میں شریک ہوں اور بہتر نتائج حاصل کریں۔ انہوں نے طلبہ کو محنت کے ساتھ امتحانات لکھنے کی تلقین بھی کی۔واضح رہے کہ دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 14 مارچ سے شروع ہونے والے ہیں۔ اسی کے پیش نظر سرسلہ حلقہ کے مختلف منڈلوں کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ میں یہ امتحانی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق سرسلہ ٹاؤن کے 17 اسکولوں کے 1056 طلبہ، گمبھی راؤپیٹ منڈل کے 15 اسکولوں کے 547 طلبہ، ایلاریڈی پیٹ منڈل کے 10 اسکولوں کے 444 طلبہ، مستا آباد منڈل کے 10 اسکولوں کے 486 طلبہ، تنگلہ پلی منڈل کے 11 اسکولوں کے 517 طلبہ اور ویرآنا پلی منڈل کے 2 اسکولوں کے 121 طلبہ کو یہ سامان فراہم کیا جائے گا۔