حیدرآباد۔/15 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ساوتھ سنٹرل ریلوے نے دسہرہ فیسٹول کے دوران مسافرین کی سہولت کیلئے 600 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹرینیں حیدرآباد، سکندرآباد، کاچی گوڑہ اور لنگم پلی سے ریاست کے مختلف علاقوں اور دیگر ریاستوں کو چلائی جائیں گی۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے ذرائع نے بتایا کہ دونوں تلگو ریاستوں اور پڑوسی ریاستوں کیلئے تعطیلات میں عوام کی منتقلی کو یقینی بنانے تقریباً 620 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ اکٹوبر تہواروں کا مہینہ ہے اور مسافرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ حیدرآباد سے وجئے واڑہ، مچھلی پٹنم، کاکیناڈا، تروپتی اور وشاکھاپٹنم کے درمیان تقریباً 200 ٹرپ چلائی جائیں گی۔ دیگر ریاستوں کے علاقوں جئے پور، شری ڈی، رامیشورم کیلئے بھی خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ گذشتہ سال کے مقابلہ میں 100 اضافی سرویسیس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اہم ٹرینوں میں کوچس کے اضافہ کے ذریعہ مسافرین کے ہجوم کو نمٹنے کی کوشش کی جائے گی۔ دسہرہ کی تعطیلات کے سبب طلبہ اور ان کے افراد خاندان اپنے آبائی مقامات یا تفریح کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے متعلقہ زون کے علاوہ دیگر ریاستوں کیلئے تقریبا 140 ٹرینوں کی منصوبہ بندی کی ہے۔ ریلویز نے دسہرہ فیسٹول کے دوران اہم مذہبی مقامات کے دورہ کیلئے بھارت گورو ٹورسٹ ٹرینوں کا آغاز کیا ہے جس کے تحت کاشی، پوری، ایودھیا، رامیشورم اور دیگر مذہبی مقامات کی سیر کی جائے گی۔