گمبھیراؤ پیٹ کی سماجی و سیاسی شخصیت ایم نرسا گوڑ کا تاثر، سیاست نیوز سے بات چیت
گمبھی راؤ پیٹ، سرسلہ 29 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) راجنہ سرسلہ ضلع کے گمبھی راو پیٹ سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی و سیاسی شخصیت، ملوگاری نرسا گوڈ، گزشتہ 33 سالوں سے جامع مسجد گمبھی راو پیٹ میں روزہ داروں کے لیے افطار اور کھانے کی دعوت کا اہتمام کر رہے ہیں۔ وہ تین دہائیوں سے اس بابرکت کام میں مصروف ہیں ۔سیاست کے نمائندے آصف علی سعادت سے بات چیت کرتے ہوئے نرسا گوڑ نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ، جمعۃ الوداع کے موقع پر روزہ داروں کی خدمت کرکے وہ بیحد خوشی محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک بابرکت عمل ہے جو نہ صرف روحانی سکون فراہم کرتا ہے بلکہ دلی خوشی کا باعث بھی بنتا ہے۔ ان کے مطابق، خدمتِ خلق کا جذبہ ہی اصل انسانیت ہے اور وہ ہمیشہ کوشش کرتے ہیں کہ کسی بھی طبقے یا مذہب سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کریں۔مقامی افراد اور مسجد کمیٹی کا تعاون کے لیے نرسا گوڑ نے خاص طور پر جامع مسجد گمبھی راو پیٹ کے مصلیانِ مسجد اور کمیٹی کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہمیشہ ان کے اس نیک عمل میں تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی اور مقامی افراد کی مدد کے بغیر اس طرح کے بڑے پیمانے پر افطاری کا اہتمام ممکن نہیں ہو سکتا۔ نرسا گوڑنے اس موقع پر ہندوستان کی مشہور گنگا جمنی تہذیب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی اصل پہچان ہی اس کی بھائی چارہ اور یکجہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے دوران افطار کی دعوت صرف ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا ذریعہ بھی ہے، جہاں ہر مذہب اور طبقے کے افراد محبت اور اتحاد کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔ نرسا گوڑ کی خدمات نہ صرف رمضان المبارک تک محدود ہیں بلکہ وہ سال بھر مختلف سماجی کاموں میں مصروف رہتے ہیں۔ اس موقع پر حضرات جن میں سید غازی الدین زبیر ،محمد یحی اسلم،حمید الدین خالد،سید آصف علی سعادت ،مولانا ابو نیاز ،محمد احمد، سید نصرت اللہ حسینی وغیرہ نے شال کوشش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔