دعوت افطار میں کرسی نہیں ‘ انیل کمار یادو کی برہمی

   

حیدرآباد۔15۔مارچ(سیاست نیوز) رکن راجیہ سبھا مسٹر انیل کماریادو کو دعوت افطار کے موقع پر پروٹوکول کے مطابق شہ نشین پر کرسی نہ دئیے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسپیشل سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود جناب بی شفیع اللہ آئی ایف ایس سے شکایت کی اور کہا کہ اگر عوامی نمائندوں کو عزت نہیں دی جاسکتی تو انہیں مدعو کیوں کیا جاتا ہے! چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی ’دعوت افطار ‘ کے دوران پروٹوکول کا خیال نہ رکھے جانے پر انیل کماریادو نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ دعوت افطار کے شہ نشین پر صدرپردیش کانگریس مسٹر مہیش کمار گوڑ ‘ رکن راجیہ سبھا مسٹر انیل کمار یادو کے علاوہ کئی سرکردہ مہمانوں کیلئے کرسی کو محفوظ نہیں کئے جانے پر عہدیداروں کو برہمی کا سامنا کرنا پڑا۔ علاوہ ازیں ’دعوت افطار‘ کے انتظام ’آندھرائی ‘ غیر مسلم کمپنی کے حوالہ کئے جانے کے سبب بھی بدنظمی کی شکایات موصول ہوئیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ’کرسمس ڈنر‘ کی ذمہ داری جس کمپنی کو دی گئی تھی اسی کمپنی کو محکمہ اقلیتی بہبود نے ’افطار ڈنر‘ کی ذمہ داری بھی حوالہ کی تھی اور کمپنی کے ذمہ داروں نے 13 مارچ کو انیس الغرباء میں منعقدہ ایک عہدیدار کی سالگرہ تقریب کے دوران اپنے پکوان کے انتظام اور ذائقہ کا بھی نمونہ پیش کرکے سینکڑوں افراد کیلئے دعوت افطار اور کھانے کا بہترین انتظام کیا تھا لیکن آج ’دعوت افطار‘ کے مؤثر اہتمام میں کمپنی بری طرح سے ناکام رہی ۔3